آج ’ ’ یوم یکجہتی کشمیر“ جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے

اسلام آباد :آج پاکستان، آزاد جموں وکشمیر اور دنیا بھر میں ”یوم یکجہتی کشمیر “جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے جسکا مقصد بھارتی ظلم ستم کا شکار کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا اور نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم کی طرف عالمی برادری کی توجہ مبذول کرانا ہے۔ یہ دن منانے کا مقصد کشمیریوں کے ناقابل تنسیخ حق، حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کی بھرپور حمایت کا اعادہ کرنا بھی ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ”یوم یکجہتی کشمیر“ کی مناسبت سے آج پاکستان بھر، آزاد جموں وکشمیر اور دنیا بھر کے دارلحکومتوں میں جلسے ، جلوسوں ، ریلیوں او ر دیگر پروگراموں کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ اسلام آباد میں چائنا چوک سے ڈی چوک تک سے ریلی نکالی جارہی ہے جسکی قیادت وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان امیر مقام کر رہے ہیں۔
کشمیریوں کی حالت زار کو اجاگر کرنے اور بھارتی مظالم کو بے نقاب کرنے کیلئے اہم راستوں، ہوائی اڈوں اور ریلوے اسٹیشنوں کے اطراف پوسٹرز اور بل بورڈز آویزاں کیے گئے ہیں۔
مظفرآباد میں آج آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا خصوصی اجلاس منعقد ہوگا جس میں مقبوضہ جموںو کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا جائے گا جوگزشتہ سات دہائیوں سے زائد عرصے سے وحشیانہ بھارتی مظالم برداشت کر رہے ہیں۔پاکستان اور آزاد جموںو کشمیر کو ملانے والے منگلا، کوہالہ، برار کوٹ، آزاد پتن وغیرہ میں پاکستانی اور کشمیری عوام ایک دوسرے سے اظہار یکجہتی کیلئے انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائیں گے۔
”یو م یکجہتی کشمیر“ کے سلسلے میں آج بیرون ممالک مقیم کشمیر ی ، پاکستانی اور انسانی حقوق اور وقار و عزمت پر یقین رکھنے والے لوگ بھی اہم دارلحکومتوں میں جلوس اور ریلیاں نکال کر مقبوضہ جموںوکشمیر کے لوگوں کے تعین بھر پور یکجہتی کا اظہار کریں گے اور بھارت کو باور کرائیں گے کہ اسے ایک دن کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ حق، حق خود اردیت دیناہی پڑے گا۔
بھارت نے آج سے تقریبا78 برس پہلے جموںوکشمیر پرتقسیم برصغیر کے فارمولے کے منافی غیر قانونی طور پراپنا تسلط قائم کیا، وہ کشمیریوں کی آزادی کی آواز کو دبانے کے لیے ان پر مظالم کے پہاڑ توڑ رہاہے۔ اس نے بھارتی قبضے کو چیلنج کرنے کی پاداش میں اب تک لاکھوں کشمیری شہید اور ہزاروں لاپتہ کر دیے ہیںلیکن وہ کشمیریوں کے حوصلوں کو پست نہیں کر سکاہے۔





