لاہور :یورپی صحافی کی کشمیر پر” تصویری کتاب“ کی پانچ روزہ نمائش کا آغاز

لاہور: یورپی فوٹو جرنلسٹ ”سدرک گربہائے“ کی کشمیر کے بارے میں تصویری کتاب ”کشمیر: ویٹ اینڈ سی“ کی پانچ روزہ نمائش آج جمعرات 5فروری فروری کو نیشنل کالج آف آرٹس لاہور میں شروع ہورہی ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کتاب کی نمائش اور تعرفی تقریبات حالیہ دنوں کے دوران پاکستان کے دارالحکومت اسلام اباد اور آزاد جموں و کشمیر کے دارالحکومت مظفراباد میں منعقد ہوچکی ہیں۔کتاب کے مصنف سدرک گربہائے، کشمیرکونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید، ہالینڈ سے تعلق رکھنے والی انسانی حقوق کی متحرک کارکن ماریان لوکس، ہنگری سے تعلق رکھنے والے دانشور اندرے بارکس اورپاکستان اور آزاد کشمیر کی اہم سیاسی و سفارتی شخصیات اور اعلیٰ حکام کتاب کی تعرفی تقریبات اور نمائش کے دوران موجود تھے۔
چیئرمین کشمیرکونسل یورپ علی رضا سید جو اس کتاب کی تعرفی تقریب اور نمائش کے سلسلے میں لاہور میں موجود ہیں، نے اپنے ایک بیان میں بتایاکہ آج پانچ فروری یوم یکجہتی کشمیر ہے اور اسی دن کی مناسبت سے یہ نمائش پاکستان کے ثقافتی شہر اور پنجاب کے دل لاہور میں شروع ہورہی ہے تاکہ کشمیریوں کے درد کو اس کتاب کی تصاویر کے ذریعے محسوس کیا جاسکے۔ انہوں نے پوری دنیا کی مظلوم اقوام اور انسانی ہمدردی رکھنے والے تمام افراد سے کہاکہ وہ مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے درد اور مصائب کو محسوس کریں اورانکے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں۔
”سدرک گربہائے“ جن کا تعلق بلجیم سے ہے، نے گذشتہ آٹھ سالوں کے دوران کشمیر پر اپنی تصویری کتاب مکمل کی ہے جس میں مقبوضہ کشمیر، آزاد کشمیر اور گلگت۔بلتستان کے قدرتی حسن سے مالا مال مقامات کی تصاویرشامل ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا شکار ہونے والے افراد بالخصوص پیلٹ گن سے مجروح ہونے والے مظلوم لوگوں اور بھارتی فوج کی بلااشتعال گولیوں کا نشانہ بننے والے کنٹرول لائن کے قریب رہنے والے آزاد کشمیر کے باسیوں کی تصاویر بھی کتاب کا حصہ ہیں۔ کتاب میں کشمیر کے دونوں حصوں بشمول گلگت۔بلتستان کے لوگوں کی روز مرہ کی زندگی اور ثقافت کی بھی عکاسی کی گئی ہے۔ کشمیرکونسل ای یو نے اس کتاب کے سلسلے میں تقاریب کے انعقاد کے لیے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
چیئرمین کشمیرکونسل ای یو (یورپ) علی رضا سید نے مزید کہاکہ کشمیری اپنے حق خودارادیت کے لیے جدوجہد کررہے ہیں اور یہ جدوجہد اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہے جو اس حق کے حصول تک جاری رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق پرامن طریقے سے حل ہونا چاہیے اور عالمی برادری کو اس سلسلے میں اپنا مو¿ثر کردار ادا کرنا ہوگا۔







