پاکستان کا کشمیریوں اور فلسطینیوں کے حق خودارادیت کی حمایت کا اعادہ

کمپالا:پاکستان نے یوگنڈا کے شہر کمپالامیں منعقدہ ناوابستہ تحریک کے 19ویں وزارتی اجلاس کے دوران مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین کے لوگوں کے حق خود ارادیت کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اقوام متحدہ کے لیے پاکستان کے خصوصی سیکرٹری نبیل منیر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ حل طلب تنازعات اور بڑھتی ہوئی بین الاقوامی کشیدگی پر توجہ مرکوز کرے ۔ انہوں نے کہاکہ جموں و کشمیر اور فلسطین کے دیرینہ تنازعات عالمی ضمیرکے لئے ایک چیلنج ہیں۔انہوں نے امن اور مساوی ترقی کو فروغ دینے میں ناوابستہ تحریک کے اہم کردارکا اعادہ کیا اور غیر ملکی قبضے والے علاقوں کے لوگوں کے لیے انصاف کا مطالبہ کیا۔نبیل منیر نے جنوبی ایشیا میں اسلامو فوبیا اور اشتعال انگیز بیانات میں اضافے کی بھی مذمت کی اور خبردار کیا کہ اس طرح کا طرز عمل علاقائی اور عالمی استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔فلسطین کے بارے میں ناوابستہ تحریک کی وزارتی کمیٹی میں پاکستانی نمائندے نے غزہ میں شرم الشیخ جنگ بندی معاہدے کا خیرمقدم کیااورقطر، مصر، ترکی اور امریکہ کی ثالثی کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ جنگ بندی اسرائیلیوں کے مکمل انخلائ، پائیدار انسانی امداد اور محصور علاقے میں تعمیر نو کی راہ ہموار کرے گی۔پاکستان کے اصولی موقف کا اعادہ کرتے ہوئے انہوں نے 1967سے قبل کی سرحدوں پر مبنی ایک آزاد اور خودمختار ر فلسطینی ریاست کی حمایت کا اعادہ کیا جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہے ۔ انہوں نے بھارتی قبضے کے خلاف منصفانہ جدوجہد میں کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اعادہ کیا۔اجلاس میں مشرق وسطی اور جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے مسلسل تعاون کا اعتراف کیا گیا۔






