مقبوضہ کشمیر، پونچھ میں بارودی سرنگ دھماکے میں مقامی پورٹر شدید زخمی

جموں،:غیر قانونی طور پر بھارت کے زیرِ قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوج کے بے رحم ہتھکنڈوں کی ایک اور مثال سامنے آئی ہے، جہاں ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول کے قریب بارودی سرنگ کے دھماکے میں ایک مقامی پورٹر شدید زخمی ہو گیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق، سلوتری پٹیا گاؤں کے 24 سالہ رہائشی ذوالفقار احمد کو بھارتی فوج نے جبری طور پر پورٹر کے طور پر کام کرنے پر مجبور کیا۔ ذرائع کے مطابق ذوالفقار احمد ایک بارودی سرنگ زدہ علاقے میں قدم رکھ بیٹھا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا اور خون میں لت پت ہو گیا۔عینی شاہدین نے بتایا کہ بھارتی فوج مقامی شہریوں کو دانستہ طور پر انتہائی خطرناک علاقوں، بشمول بارودی سرنگوں والے علاقوں میں کام پر لگاتی ہے تاکہ اپنے اہلکاروں کی ہلاکتوں سے بچا جا سکے۔ذوالفقار احمد کی زخمی حالت بھارتی فوج کی کشمیری عوام کے حوالے سے بے حسی اور متنازعہ علاقے پر ناجائز قبضہ برقرار رکھنے کے لیے اس کی بوکھلاہٹ کا واضح ثبوت ہے۔
واقعے کے بعد مقامی آبادی میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج انہیں انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کر رہی ہے اور ان کی مجبوریوں کا استحصال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ ایسے سفاکانہ اقدامات کا نوٹس لے اور بھارت پر دباؤ ڈالے کہ وہ کشمیر پر اپنا غیر قانونی قبضہ ختم کرے۔








