کشمیر پر پاکستان کی سول اور فوجی قیادت ایک صفحے پرہے: قاسم نون

اسلام آباد: کشمیر کمیٹی کے چیئرمین رانا قاسم نون نے کہا ہے کہ پاکستان کی سول اور عسکری قیادت مسئلہ کشمیر پر متحد ہے اور کشمیر ہر لحاظ سے پاکستان کاناقابل تنسیخ حصہ ہے اور رہے گا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق رانا قاسم نون نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومت نے مسئلہ کشمیر کو پس پشت ڈال دیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر ایک بین الاقوامی تنازعہ ہے، غزہ اور کشمیر کے حالات ایک جیسے ہیں جہاں انسانیت کی تذلیل ہو رہی ہے۔انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ کشمیر کے بارے میں اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد سے کشمیرپاکستان کا حصہ بنے گا کیونکہ پاکستان اور کشمیری عوام کا رشتہ تاریخ، قربانیوں اور مشترکہ جدوجہد سے جڑا ہوا ہے جسے کرئہ ارض کی کوئی طاقت کمزور نہیں کر سکتی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک بار پھر اقوام متحدہ اور عالمی برادری کی توجہ مسئلہ کشمیر کے فوری اورپرامن حل کی طرف مبذول کرانا چاہتا ہے کیونکہ یہ ایک تسلیم شدہ بین الاقوامی تنازعہ ہے۔








