اترپردیش: بی جے پی حکومت نے ایک اور مدرسہ منہدم کر دیا

لکھنو:بھارتی ریاست اترپردیش کے ضلع سنبھل میں وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی سربراہی میں قائم بی جے پی حکومت نے اپنے ہندو توا یجنڈے کو آگے بڑھاتے ہوئے ایک اور مدرسے کو مسمار کر دیا۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق انتظامیہ نے نرولی میں 285مربع میٹر اراضی پر تعمیر مدرسے کو بلڈوزر کے ذریعے مسمار کر دیا۔اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی اور پورا علاقہ ایک پولیس کیمپ کا منظر پیش کر رہاتھا۔
دریںاثنا نرولی پنچایت کے چیئرمین نے انہدامی کارروائی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ انہیں اس حوالے سے کوئی پیشگی اطلاع یا نوٹس نہیں ملا۔ انہوںنے اس جگہ کو مذہبی مقام قرار دیتے ہوئے کہا کہ مدرسہ تقریبا 3سو گز پر محیط ہے اور یہ اسلای تعلیم کا مقام ہے ۔ مدرسے کی مسماری سے علاقے کی مسلم برادری میں شدید بے چینی اور اضطراف پایا جاتا ہے اور پورے علاقے میں کشیدگی کا ماحول ہے ۔







