انسانی حقوق کے کارکنوں کی مقبوضہ کشمیر سے متعلق غلط معلومات پھیلانے پر بھارتی میڈیا پر کڑی تنقید

سرینگر:غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کے کارکنوں نے مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی صورتحال کے بارے میں جانبدارانہ رپورٹنگ پر بھارتی میڈیا پرکڑی تنقید کی ہے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق انسانی حقوق کے مقامی کارکنوں نے بھارتی میڈیا کی جانبدارانہ رپورٹنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ گودی میڈیا جموں و کشمیر میں زمینی حقائق کو مسخ کرتے ہوئے غلط معلومات پھیلا رہاہے ، جو ہندوتوا آر ایس ایس-بی جے پی بیانیے کی عکاسی کرتی ہے اور خطے میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال کو چھپانے کا ذریعہ بن رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے اکثر خبریں من گھڑت اور گمراہ کن ہوتی ہیں، جن کا مقصد عالمی سطح پر ہونے والی جانچ پڑتال کو متاثر کرنا ہے۔انسانی حقوق کے ایک ممتاز کارکن نے کہاہے کہ بھارتی میڈیا مودی حکومت کے ہندوتوا ایجنڈے کی کھل کر حمایت کر رہا ہے اور پیشہ ورانہ صحافتی اصولوں کو پس پشت ڈال دیا گیا ہے۔ ناقدین کے مطابق کئی بھارتی صحافی اور ٹی وی اینکرز غیر جانبدارانہ رپورٹنگ کے بجائے سرکاری پالیسی کا بیانیہ دہرا رہے ہیں، جسے انہوں نے "پیشہ ورانہ صحافت سے انحراف” قرار دیا۔انسانی حقوق کے کارکنوں نے مطالبہ کیا کہ مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال سے متعلق حقائق پر مبنی اور غیر جانبدار رپورٹنگ کو یقینی بنایا جائے تاکہ عالمی برادری کو حقیقی صورتحال سے آگاہ کیا جا سکے۔








