نریندرمودی پاکستان کوتنہاکرنا چاہتے تھے مگر دنیا میں خود تنہا رہ گئے ، بی بی سی

لندن:
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی نے بھی اپنے تجزیاتی رپورٹ میں کہا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی پاکستان کوعالمی سطح پر تنہاء کرنے کے درپے تھے تاہم دنیا میں خود تنہا ہوگئے ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پاکستان کی کامیاب سفارت کاری کے نتیجے میں ایران امریکا کے درمیان 15روزہ جنگ بندی ہو چکی ہے اور وہ دونوں فریقین کے درمیان امن مذاکرات کی میزبانی کر رہا ہے، جس کا آغاز جمعہ سے اسلام آباد میں ہو رہا ہے۔خطے اور دنیا کو بڑی تباہی سے بچانے کی کامیاب کوششوں کے بعد دنیا پاکستان کی معترف ہے۔ تاہم بھارت کی خاموشی اس کی اذلی پاکستان اور اسلام دشمنی کا ثبوت پیش کر رہی ہے اور عالمی میڈیا بھارت کے منافقانہ رویے کو آشکار کر رہا ہے۔ بی بی سی نے ایران امریکا جنگ بندی پر اپنی ایک تجزیاتی رپورٹ میں کہا ہے کہ مودی پاکستان کوتنہا کرنا چاہتا تھا لیکن دنیا میں خود تنہا ہوگیا۔ بھارت نے پاکستان کی ثالثی کو نظر انداز کر کے خود کو سفارتی طور پر مزید کمزور کیا۔بی بی سی کے مطابق عالمی بحران میں پاکستان مضبوط ثالث جبکہ بھارت غیر موثر رہا۔ پاکستان نے امریکا، ایران اور چین کا بھرپور اعتماد حاصل کر لیا ہے۔ جہاں دنیا بھر کے رہنما پاکستان کو سراہتے ہیں بھارتی حکومت مکمل خاموش ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے نے مزید کہا کہ بھارتی میڈیا اور تجزیہ کار بھی پاکستان کے کردار کو تسلیم کرنے لگے ہیں اور بھارتی اپوزیشن جماعتیں، صحافی و تجزیہ کار پاکستان کے سفارتی کردار کی تعریف کر رہے ہیں۔





