بنگالی عوام بی جے پی کے فرقہ پرست ایجنڈے کو ووٹ کی طاقت سے ناکام بنا دیں گے، ممتابنر جی

کولکتہ:بھارتی ریاست مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنر جی نے کہا ہے کہ نئی دلی میں بیٹھے لوگ بنگال کے حقوق چھیننے اور اپنا ایجنڈہ مسلط کرنے کی سازش کر رہے ہیں لیکن ریاست کے لوگ یہ سب کچھ دیکھ رہے ہیں اور وہ اپنے ووٹ کے ذریعے اسکا ایک بھر پور جواب دیں گے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ممتا بنر جی نے سماجی رابطوں کی سائٹ ”ایکس“ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ بی جے پی مغربی بنگال میں بھی اپنا فرقہ پرستانہ ایجنڈہ تھوپنے کی کوشش کررہی ہے لیکن اسکی یہ کوشش ناکام ہو گی۔ انہوںنے کہاکہ یہ اسمبلی الیکشن ریاست کو کمزور اور کنٹرول کرنے کی بی جے پی کی ایک منظم کوشش کیخلاف ایک بھر پور مزاحمت ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ بنگال کی نیچا دکھانے کی ہر کوشش کاجمہوری انداز میں فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
ممتا بنر جی نے کہا کہ میں نے چورنگی، بھمبانی، جادر پور اور ٹالی گنج وغیرہ میں لوگوںکی کثیر تعداد کو ووٹ ڈالنے کیلئے اس واضح ارادے اور عزم کیساتھ کھڑے دیکھا کہ انہیں بنگال ، اسکی شناخت اور اس کے مستقبل کا دفاع کرنا ہے۔
یاد رہے کہ مغربی بنگال میں رواں ماہ دو مرحلوںمیں اسمبلی انتخابات ہو رہے ہیں ۔ پہلا مرحلہ 23اپریل کو مکمل ہواجبکہ اگلے مرحلے کے لیے 29اپریل کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔







