مودی حکومت صرف متوسط طبقے سے قربانی مانگ رہی ہے، کیجر یوال
بی جے پی حکومت کی حماقتوں کی قیمت پورے ملک کو چکانا پڑ رہی ہے، کانگریس رہنما

نئی دلی:عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجر یوال نے وزیر اعظم نریندر مودی کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ملک کی معیشت کو درپیش بحران سے نمٹنے کیلئے جو اقدامات کر رہی ہے ان سے متوسط طبقہ مزید متاثر ہوا ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کیجریوال نے نئی دلی میںپریس کانفرنس کے دوران کہا کہ مغربی ایشیا کے بحران کا اثر پوری دنیا پر ہے لیکن نریندر مودی نے بھارتیوں سے جس طرح سات مطالیات کیے ہیں اس طرح کے مطالبات تو کسی ملک نے اپنے شہریوں سے نہیں کیے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے صرف متوسط طبقے سے ہی قربانی مانگی ہے جو انتہائی افسوسناک ہے۔
نئی دلی کے سابق وزیر اعظم نے کہا کہ چاہیے تو یہ تھا کہ حکومت اپنے اخراجات پر کنٹرول کرتی لیکن اس نے ایسا نہیں کیا بلکہ عام لوگوں کو نشانہ بنایا ۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ حکومت کے خلاف تحریک کیلئے سڑکوں پر نکلیں کیونکہ ایک ناکام حکومت سے چھٹکارہ پانے کا یہی ایک راستہ ہے۔
دریں اثناکانگریس کے رکن پارلیمنٹ عمران مسعود نے بھی وزیراعظم نریندر مودی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ قربانی کا سارا بوجھ عوام پر ڈالا جا رہا ہے جبکہ برسر اقتدار بی جے پی بڑے بڑے پروگراموں پر کئی لیٹر ایندھن پھونک رہی ہے۔ انہوںنے کہا کہ بی جے پی والے صرف عوام سے قربانی چاہتے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ وزیر اعظم اپنی تقریبات نہیں روک رہے ، کل ہی ایک تقریب پر 2لاکھ لیٹر فیول پھونک دیا گیا۔ سارے ملک کو بی جے پی حکومت کی حماقتوں کی قیمت چکانا پڑ رہی ہے۔








