سچائی اور حقائق پر مبنی بیانیے کی جنگ میں پاکستان کی جیت کا بھارت سے بھی اعتراف
نئی دلی: سچائی اور حقائق پر مبنی بیانیے کی جنگ میں پاکستان کی جیت کا بھارت سے بھی اعتراف کیا جارہا ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارت پاکستان کیخلاف اپنے گمراہ گن بیانیے کی ترویج کیلئے تمام تروسائل اور پراکسیز کو استعمال کررہا ہے، مودی حکومت کے جھوٹ اور پروپیگنڈے پر مبنی بیانیے کے باوجود پاکستانی موقف درست اور سچا ثابت ہو رہا ہے۔ بھارت کے سابق ڈپٹی نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر اروند گپتا نے بھی پاکستان کے بیانیہ کی جیت کا اعتراف کیاہے۔اروند گپتا نے کہا کہ پاکستان کا بیانیہ اس لیے کامیاب ہوتا ہے کیونکہ انہوں نے دہائیوں سے اس پر محنت کی ہے، آئی ایس پی آر اور دیگراداروں سے وابستہ لوگ مختلف پلیٹ فارمز پرسرگرم ہیں، پاکستان نے بھارتی بیانیے کے توڑ کیلئے طویل حکمت عملی کے تحت کام کیا ہے۔ سابق بھارتی ڈپٹی نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر اروند گپتا نے اس بات کو بھی تسلیم کیا کہ خلیجی جنگ کے تناظر میں ایران نے پاکستان پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا۔ماہرین کے مطابق جب خود بھارت کے سابق اعلیٰ سکیورٹی حکام اپنے بیانیے پرشکوک وشبہات کا اظہار کریں تو اس پرسوالات اٹھنا فطری امر ہے، بھارت نے عالمی سطح پر اپنے عمومی تاثر پر زیادہ توجہ دی جبکہ پاکستان نے موثر سفارتکاری سے اپنے موقف کی سچائی کو ثابت کیا۔یہ محض ایک سابق اعلیٰ سکیورٹی عہدیدار کا ایک بیان نہیں بلکہ پاکستان کی سفارتی، اخلاقی اور اسٹریٹجک سچائی کی تصدیق ہے۔







