بھارت :بے روزگاری سے تنگ بھارتی نوجوان روسی فوج میں شامل ہونے پر مجبور
49 بھارتی نوجوان روس یوکرین جنگ میں ہلاک ہوئے : بھارتی حکومت کا اعتراف

نئی دہلی : بھارتی حکومت نے اعتراف کیا ہے کہ روس یوکرین جنگ کے دوران 217 بھارتی نوجوان روسی فوج میں شامل ہوئے ہیں اورجنگ میں 49 بھارتیوں نے اپنی جانیں گنواں دی ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی حکومت کی نمائندگی کرنے والی ایڈیشنل سالیسٹر جنرل ایشوریہ بھٹ نے سپریم کورٹ میں اسٹیٹس رپورٹ پیش کی ہے۔ یہ رپورٹ چیف جسٹس کی سربراہی میں قائم بینچ کے سامنے پیش کی گئی جو ایک درخواست کی سماعت کررہا تھا جس میںحکومت سے مطالبہ کیاگیا ہے کہ وہ 26 بھارتی شہریوں کیبحفاظت واپسی کے لیے اقدامات کرے جنہیں روس میں گرفتارکیاگیا تھا اور یوکرین کے ساتھ جاری جنگ میں لڑنے پر مجبور کیا گیا تھا۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وزارت خارجہ کے پاس دستیاب تازہ ترین معلومات کے مطابق تقریباً 217 بھارتی شہری روسی فوج میں شامل ہوئے ہیں۔ حکومت نے 139 بھارتیوں کو روسی فوج میں شامل ہونے کے معاہدے سے رہائی دلائی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس جنگ میں 49 بھارتی شہریوں کی جانیں گئی ہیں۔ اس کے علاوہ روس نے چھ بھارتی شہریوں کے لاپتہ ہونے کی تصدیق کی ہے جبکہ 23 کے بارے میں کوئی معلومات نہیں ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ لاپتہ افراد کی تلاش اور ان کی لاشوں کی شناخت میں آسانی کے لیے 21 افراد کے قریبی خاندان کے افراد کی ڈی این اے رپورٹس اکٹھی کر کے روسی حکام کو بھیج دی گئی ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جن 26 افراد کا ذکر کیا گیا ہے، ان میں سے 14 کیس رپورٹ شدہ اموات سے متعلق ہیں جبکہ ان میں سے 11 کو روسی حکام نے کارروائی میں لاپتہ بتایا ہے یا فی الحال اپنے اہل خانہ سے رابطہ نہیں کیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کچھ بھارتی شہریوں نے پرکشش تنخواہوں کے لالچ میں رضاکارانہ طور پر روسی فوج میں شامل ہونے کے لیے معاہدوں پر دستخط کیے جس میں تقریباً 5,000 امریکی ڈالر کا ابتدائی دستخطی بونس اور تقریباً 2,500 امریکی ڈالر کی ماہانہ تنخواہ شامل تھی۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ان سے روسی شہریت، دیگر سماجی مراعات اور مرنے کے بعد تقریباً 168,000 امریکی ڈالر کے معاوضے کا بھی وعدہ کیا گیا تھا۔








