راجوری: تلاشی اور محاصرے کی کارروائی مسلسل ساتویں روز بھی جاری

جموں: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر کے ضلع راجوری میں بھارتی فورسز کی طرف سے شروع کی گئی تلاشی اور محاصرے کی بڑی کارروائی آج جمعہ کو مسلسل ساتویں روز بھی جاری ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج، پیراملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس اور پولیس اہلکاروں نے ضلع کے منجا کوٹ سیکٹرکے جنگل کے علاقوں گمبھیر موگلہ اور ڈوریمل میں ہفتہ کے روزتلاشی اور محاصرے کی مشترکہ کارروائی شرو ع کی تھی ۔راشٹریہ رائفلز ، سی آر پی ایف ، ایس او جی اور ویلج ڈیفنس گارڈز سمیت بھارتی فورسز نام نہادآپریشن کے دوران ہیلی کاپٹرز، ڈرون اورسراغرساں کتوں کا استعمال کر رہی ہیں، جس سے مقامی لوگوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ بھارتی فورسز نے تمام داخلی اور خارجی راستوں کو سیل کر دیا گیا ہے جبکہ قریبی دیہات کاسخت محاصرہ اور گھر گھر تلاشی کی کارروائیاں جاری ہیں۔ایک بھارتی اہلکار نے بتایا کہ پورے علاقے کی سخت نگرانی کی جارہی ہے۔
ادھرمیڈیا کے نمائندوں کو مذکورہ علاقوں تک رسائی نہیں دی جارہی ہے ۔







