منی پور:6ناگا افراد کی لاشیں برآمد، کشیدگی میں اضافہ
یونائیٹڈ ناگا کونسل کی احتجاجی ہڑتال کی کال،مزید 2افراد قتل

امپھال:شورش زدہ بھارتی ریاست منی پور میں گزشتہ ماہ اغوا کیے گئے چھ ناگا افراد کی مسخ شدہ لاشیں برآمد ہونے کے بعد ایک بار پھر کشیدگی میں اضافہ ہو گیا ہے، جبکہ یونائیٹڈ ناگا کونسل نے احتجاجی ہڑتال کی کال دی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کانگ پوکپی ضلع کے جنگل اور پہاڑی علاقوں میں بھارتی فورسز کے سرچ آپریشن کے دوران اغوا کر کئے گئے ناگا افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ۔ مذکورہ افراد 13مئی سے لاپتا تھے اور ان کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر کارروائیاں جاری تھیں۔لاشوں کی برآمدگی کے بعد ناگا برادری میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یونائیٹڈ ناگا کونسل نے واقعے کو انسانیت کے خلاف سنگین جرم قرار دیتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔کونسل نے ریاستی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے نائب وزیر اعلی نیمچا کیپگین کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ امن و امان کی صورتحال پر قابو پانے میں ریاستی حکومت بری طرح ناکام رہی ہے۔
ادھرمنی پور کے ضلع کانگ پو کپی سے 6افراد کی لاشوں کی برآمد گی کے بعد صورتحال شدید کشیدہ ہے ۔پولیس کے مطابق مشتبہ عسکریت پسندوں نے ضلع کامجونگ کے گائوں کلتوہ کوکی میں دو افراد کو گولی مار کر ہلاک اورمتعدد مکانوں کو نذر آتش کر دیا۔عسکریت پسندوں نے میانمار کے ساتھ سرحدی علاقے کے قریب 30مکانوں کو بھی نذر آتش کر دیاہے ۔
واضح رہے کہ منی پور گزشتہ کئی ماہ سے نسلی اور فرقہ وارانہ کشیدگی کا شکار ہے، جہاں مختلف برادریوں کے درمیان جھڑپوں اور تشدد کے واقعات کے باعث سینکڑوں ہلاک جبکہ ہزاروں لوگ بے گھر ہو چکے ہیں۔







