میرواعظ عمر فاروق کی امت مسلمہ کو نئے اسلامی سال کی مبارکباد
سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے نئے اسلامی سال 1448ھ کی آمد پر امت مسلمہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے دنیا بھرمیں امن وسلامتی اور ہم آہنگی کی دعا کی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میرواعظ عمرفاروق نے ایکس پر ایک پیغام میں کہا کہ نئے اسلامی سال 1448ھ کے موقع پر ہم دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ دنیا کو امن، سلامتی اور مفاہمت سے نوازے۔انہوں نے کہا کہ پیغمبر اسلام ﷺ کی ہجرت جو کہ اسلامی کیلنڈر کا آغاز ہے، ایک یاد دہانی ہے کہ ایمان، صبر اور امید سے مشکل ترین حالات پربھی قابو پا یا جاسکتا ہے۔میرواعظ نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب دنیا میں تنازعات، مشکلات اور تقسیم درتقسیم ہے، لوگوں کو انصاف، ہمدردی، مکالمے اور باہمی احترام کی اقدار کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرنا چاہیے۔انہوں نے آنے والے سال کے لئے امن اور خوشحالی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ یہ سال مشکلات کا شکار ممالک میں امن، دنیا بھر کے تنازعات کا حل، امت مسلمہ کے لیے اتحاد اور تمام انسانیت کے لیے رحمتیں لے کر آئے۔واضح رہے کہ اسلامی سال 1448 ہجری کا پہلا مہینہ محرم الحرام بدھ 17 جون 2026سے شروع ہورہا ہے۔






