بھارت : عام آدمی کے لیے اشیائے ضروریہ خریدنا بھی مشکل ہو گیا ہے: کانگریس

نئی دہلی: بھارت میںکانگریس پارٹی نے بچت میں تیزی سے ہونے والی کمی اور بڑھتی ہوئی مہنگائی پرمودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاہے کہ بی جے پی دوسری پارٹیوں کے لیڈروں کو خریدنے میں مصروف ہے جبکہ عام آدمی کے لیے اشیائے ضروریہ خریدنا بھی مشکل ہو گیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہاکہ معیشت کے حوالے سے مودی حکومت کے ناقص انتظام کے بوجھ تلے عام خاندان برباد ہو رہے ہیں۔ انہوںنے لکھا کہ مہنگائی کی وجہ سے بچت تیزی سے کم ہو رہی ہے،چیزیں مہنگی ہورہی ہیں، امیدیں ٹوٹ رہی ہیں، عدم مساوات بڑھ رہی ہے، دنیا میں ساکھ گررہی ہے اور نوجوانوں میں شدید غصہ بڑھتا جا رہا ہے۔کانگریس کے صدر نے کہا کہ مہنگائی 16 مہینوں کی بلند ترین سطح پر ہے۔ کھانے پینے کی چیزوں کی مہنگائی 4.78 فیصد ہے۔ طبی مہنگائی 15 فیصد سے زیادہ ہے۔ روپیہ تیزی سے گر رہا ہے۔ غیر ملکی سرمایہ کار ہم سے دور ہو رہے ہیں۔ نوجوانوں کے لیے نوکریاں نہیں ہیں، بے روزگاری بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی دوسری پارٹیوں سے سیاسی خرید و فروخت میں مصروف ہے، لیکن عام آدمی بنیادی ضروریات بھی پوری کرنے کے قابل نہیں رہا۔





