نریندر مودی کی بھارتی عوام سے غیرملکی مصنوعات کے بائیکاٹ کی اپیل

نئی دہلی:بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیرملکی مصنوعات کا بائیکاٹ اورمقامی مصنوعات کا استعمال کریں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق انہوں نے یہ بات ایسے وقت کہی جب بھارت کے امریکہ کے ساتھ تجارتی تعلقات کشیدگی کا شکار ہیں۔عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق اتوار کو قوم سے خطاب کرتے ہوئے نریندر مودی نے کہا کہ غیر ملکی مصنوعات کا استعمال ترک کریں اور اس کے بجائے مقامی مصنوعات استعمال کریں، تاکہ خود انحصاری کی مہم کو فروغ دیا جا سکے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بھارتی درآمدی اشیا پر 50فیصد ٹیرف عائد کرنے کے بعد مودی سودیشی یا بھارت میں بنی ہوئی اشیا کے استعمال پر زور دے رہے ہیں۔ ان کے حامیوں نے امریکی برانڈز کا بائیکاٹ کرنے کی مہم شروع کر دی ہے جن میں میکڈونلڈز، پیپسی اور ایپل جیسی مقبول کمپنیاں شامل ہیں۔نریندر مودی نے کہاکہ بہت سی مصنوعات جو ہم روزانہ استعمال کرتے ہیں غیر ملکی ہیں، ہمیں اس کا پتا نہیں ہوتا ،ہمیں ان سے چھٹکارا حاصل کرنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں وہی مصنوعات خریدنی چاہئیں جو بھارت میں بنی ہوں، تاہم انہوں نے کسی ملک کا نام نہیں لیا۔بھارت کی 1.4ارب کی آبادی امریکی مصنوعات کے لیے ایک بڑی منڈی ہے جہاں اکثر امریکی مصنوعات آن لائن ریٹیلر ایمیزون سے خریدی جاتی ہیں۔ حالیہ برسوں میں امریکی برانڈز کی پہنچ چھوٹے شہروں تک بھی ہوچکی ہے۔بھارتی وزیراعظم نے دکانداروں سے بھی کہا کہ وہ بھارت میں بنی مصنوعات فروخت کرنے پر توجہ دیں ،تاکہ ملک کی معاشی ترقی کو فروغ ملے ۔گزشتہ چند ہفتوں میں کئی کمپنیوں نے مقامی مصنوعات کی تشہیر میں اضافہ کر دیا ہے۔بھارت کے وزیرِ تجارت پیوش گوئل جلد ہی واشنگٹن کا دورہ کریں گے تاکہ تجارتی مذاکرات میں شریک ہو سکیں اور دو طرفہ تعلقات میں کشیدگی کم کر سکیں۔








