کرن سنگھ کا مقبوضہ جموں وکشمیر کی ریاستی حیثیت بحال کرنے کا مطالبہ

سرینگر:کانگریس کے سینئر رہنما اور مہاراجہ ہری سنگھ کے بیٹے کرن سنگھ نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی ریاستی حیثیت بحال کرنے کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیریوں کو نئی دہلی سے اس کی بھیک نہیں مانگنی چاہیے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کرن سنگھ نے سرینگر میں ایک بین المذاہب مکالمے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت کو اپنے وعدے کو پورا کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ہم سب سے بڑی ریاست تھے، اس لیے ہمیں ریاست کے لئے بھیک نہیں مانگنی چاہیے، نئی دہلی کو یہ دینی ہی پڑے گی۔ان کا بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ریاستی حیثیت کا مطالبہ دوبارہ زورپکڑ رہا ہے، حکمران نیشنل کانفرنس نے پارلیمنٹ کے مون سون اجلاس کے موقع پر نئی دہلی میں احتجاج کا اعلان کیا ہے۔وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بھی ریاستی حیثیت کو آئینی اور جمہوری حق قرار دیتے ہوئے انڈیا بلاک سے حمایت کا مطالبہ کیا ہے۔ مودی حکومت نے 5 اگست 2019 کو دفعہ370 منسوخ کرکے مقبوضہ جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کردی اور اسے مرکز کے زیر انتظام دو علاقوں میں تقسیم کر دیاتھا۔ اب جب کہ ایک منتخب اسمبلی موجود ہے، امن و امان جیسے اہم امور لیفٹیننٹ گورنر کے دائرہ اختیار میں ہیں۔







