اسلام آباد :مجاہدِ اول سردار محمد عبدالقیوم خان کی برسی پر سیمینار کا انعقاد

اسلام آباد:کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ اور جموں و کشمیر لبریشن سیل کے زیرِ اہتمام آزاد کشمیر کے سابق صدر اور مجاہدِ اول سردار محمد عبدالقیوم خان کی برسی کے موقع پر ایک پروقار سیمینار منعقد کیاگیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سیمینار میں سیاسی، سماجی، مذہبی، علمی، صحافتی اور کشمیری حلقوں سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔سیمینار کی صدارت کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی نے کی۔ مقررین نے مجاہدِ اول سردار محمد عبدالقیوم خان کی تحریکِ آزادی کشمیر، ریاست جموں و کشمیر اور پاکستان کے لیے گرانقدر خدمات کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں ایک مدبر، بے باک اور دور اندیش رہنما قرار دیا۔ غلام محمد صفی نے کہا کہ سردار محمد عبدالقیوم خان نے تحریکِ آزادی کشمیر کو مضبوط بنیاد فراہم کی اور اپنی پوری سیاسی زندگی کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت، پاکستان سے غیر متزلزل وابستگی اور مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے وقف رکھی۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم رہنما کی جدوجہد، بصیرت اور اصولی موقف آج بھی کشمیری عوام کے لیے مشعلِ راہ ہیں اور آئندہ نسلوں کو آزادی کی منزل تک پہنچنے کا حوصلہ دیتے رہیں گے۔مقررین نے کہا کہ سردار عبدالقیوم خان نے قومی اور بین الاقوامی سطح پر مسئلہ کشمیر کو موثر انداز میں پیش کیا اور کشمیری عوام کے ناقابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت کی بھرپور وکالت کی۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ مجاہدِ اول کے مشن کو جاری رکھتے ہوئے تحریکِ آزادی کشمیر کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے اپنی جدوجہد ہر سطح پر جاری رکھی جائے گی۔سیمینار سے حریت رہنما محمد فاروق رحمانی، محمود احمد ساغر، میر طاہر مسعود، مسلم کانفرنس کے سردار عابد رزاق، جموں و کشمیر لبریشن سیل کے ڈائریکٹر افسر خان افسر اور ، بشیر عثمانی ،یپیر زادہ افسر اور دائود خان یوسفزئی سمیت دیگر مقررین نے خطاب کیا۔ جبکہ نظامت کے فرائض الطاف حسین وانی نے انجام دئے ۔مقررین نے عالمی برادری، بالخصوص اقوامِ متحدہ، انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں اور بااثر ممالک پر زور دیا کہ وہ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیرِ قبضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، سیاسی جبر اور ریاستی دہشت گردی کا فوری نوٹس لیں اور کشمیری عوام کو اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ان کا بنیادی اور ناقابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت دلانے کے لیے موثر کردار ادا کریں۔سیمینار کے اختتام پر مجاہدِ اول سردار محمد عبدالقیوم خان، معروف کشمیری شاعر مشتاق کشمیری، شیخ عبدلطیف اور خالد شبیر کے والد، جو آج مقبوضہ جموں و کشمیر میں وفات پا گئے، کی مغفرت، بلندی درجات، شہدائے کشمیر کے ایصالِ ثواب، کشمیری عوام کی جلد آزادی، پاکستان کی سلامتی، استحکام اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔







