اتر پردیش: بی جے پی انتظامیہ نے 40برس پرانی درگاہ منہدم کردی

لکھنو:بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع مراد آباد میں بی جے پی انتظامیہ نے تقریبا چالیس برس پرانی بابا فولاد شاہ درگاہ کو منہدم کر دیا۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق انتظامیہ نے انہدامی کارروائی 7جولائی کو مراد آباد کے علاقے پاک باڑہ میں کی۔ مزار کے ساتھ موجود ایک ہال کو بھی مسمار کیا گیا ۔ کارروائی کے دوران پولیس کی ایک بھاری نفری تعینات کی گئی تھی اور انتظامیہ کے سینئر افسر موقع پر موجود تھے ۔ انتظامیہ نے دعوی کیا ہے کہ یہ مزار سرکاری تالاب کی اراضی پر تعمیر کیا گیا تھا لہذا اسے ہٹا دیا گیا۔ دوسری جانب علاقے کی مسلم کمیونٹی نے انہدامی کارروائی پر غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ مزار کئی دہائیوںسے علاقے کی مذہبی اور سماجی زندگی کا اہم حصہ تھا ۔ انہوںنے کہا کہ مزار پر صرف مسلمان ہی نہیں بلکہ ہندو اور دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے لوگ بھی عقیدت کے ساتھ حاضری دیتے تھے ۔
لوگوں نے کہا کہ انہدامی کارروائی بارش کے دوران کی گئی جب لوگ گھروں کے اندر موجود تھے، جب تک لوگوں کو کارروائی کی اطلاع ملی ، تب تک پوری درگاہ منہدم کی جاچکی تھی







