عالمی سطح پربھارتی جرائم پیشہ نیٹ ورکس کے گرد گھیرا تنگ،امریکہ میں اہم کارروائی

نئی دہلی: بھارتی جرائم پیشہ نیٹ ورکس کے گردعالمی سطح پرگھیراتنگ ہوتا جا رہا ہے اور اس سلسلے میں امریکہ میں اہم کارروائی کی گئی ہے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق امریکہ سمیت دیگرممالک میں بھارتی جرائم پیشہ افراد کی گرفتاریوں سے بھارت کا مجرمانہ کردار دنیا کے سامنے آگیا ہے۔بھارتی جریدے” دی ہندو“ کے مطابق سنگین جرائم میں ملوث بھارتی شہری نتیش کوشل امریکی قانون کی گرفت میں آگیا۔ ایف بی آئی کی کارروائی میں گرفتارہونے والا ملزم مختلف جرائم میں ملوث بھگوان پوریا گروہ کے لیے کام کر رہا تھا۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایف بی آئی پیٹرک گینڈی کے مطابق بھارتی جرائم پیشہ تنظیمیں بھتہ خوری کا نیٹ ورک چلانے کے لیے کرپٹ اہلکاروں کا سہارا لیتی رہیں۔دی ہندو کی رپورٹ کے مطابق بھارتی پنجاب سے شروع ہونے والا جرائم پیشہ گروہ امریکی ریاست کیلیفورنیا میں اپنی جڑیں مضبوط کر چکا ہے۔ بھارتی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف امریکی سیکیورٹی اداروں کا آپریشن”ہارڈ بال“ کامیابی سے جاری ہے۔معروف بھارتی صحافی نوویا بال کا کہنا ہے کہ مودی حکومت کی نااہلی سے بھارتی جرائم پیشہ گروہ سرحدیں پار کر کے دنیا کے لیے خطرہ بن گئے ہیں۔ امریکہ میں بھارتی جرائم پیشہ افراد کی حالیہ گرفتاریوں نے ثابت کر دیا ہے کہ بھارتی شہریوں پر امریکہ کی عائد کردہ سخت ویزا پابندیاں بالکل درست ہیں۔







