بھارت :کاکروچ جنتا پارٹی کا احتجاج رنگ لے آیا
لوک سبھا میں پیپر لیک کرنے پر سخت سزا کا قانون منظور
نئی دہلی: بھارت میں امتحانی بے ضابطگیوں خصوصا نیٹ پیپر لیک معاملے پر کاکروچ جنتا پارٹی کا احتجاج رنگ لے آیا اور امتحانی پرچے لیک کرنے پر سخت سزا کا قانون منظور ہو گیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں لوک سبھا نے گزشتہ روز ایک نیا قانون منظور کیا ہے جس کے تحت ملک میں امتحانی پرچے آٹ کرنے والوں کے لیے سزا میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔منظور ہونے والے نئے قانون کے مطابق امتحانی پرچے لیک کرنے کے مرتکب افراد کو 10 سال تک قید اور 10لاکھ ڈالر سے زائد کا جرمانہ بھی کیا جا سکے گا۔بھارتی قانون سازوں نے اس سزا کو بڑھانے کے مسودہ قانون کے حق میں آواز بلند کر کے ووٹ دیا۔ اس سے قبل کئی گھنٹے تک اس قانون کے حق میں بھی اور خلاف بھی دلائل پیش کیے گئے۔بھارت سرکار کی طرف سے اب اگلے ہفتے کے دوران یہ بل پارلیمنٹ کی ایوان بالا راجیہ سبھا میں پیش کیا جائے گا۔راجیہ سبھا کی منظوری کے بعد اس نئے منظور کردہ قانون پر بھارتی صدر کے دستخط ہوں گے اور یہ مسودہ قانون باقاعدہ طور پر قانون بن کر نافذ العمل قرار پائے گا۔
واضح رہے کہ بھارت میں مودی حکومت کے دور میں امتحانی پرچوں کا قبل از وقت لیک ہونا معمول ہے۔ تاہم نیٹ پیپر لیک معاملے پر کاکروچ جنتا پارٹی کے بھرپور احتجاج نے بھارتی حکومت نوجوانوں اور طلبہ کے آگے گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا۔







