ڈوڈہ، کشتواڑ اور رامبن میں موسلادھار بارش کے باعث اسکول بند

جموں: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں حکام نے شدید بارش اور خراب موسم کے پیش نظر ڈوڈہ، کشتواڑ اور رامبن اضلاع میں تمام سرکاری اور نجی اسکولوں کو بند کرنے کا حکم دیا ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق چیف ایجوکیشن آفیسر ڈوڈہ نے اعلان کیا کہ ضلعی انتظامیہ کی ہدایات کے مطابق ضلع کے تمام سکول بند رہیں گے، تاہم آن لائن کلاسز طے شدہ ٹائم ٹیبل کے مطابق جاری رہیں گی۔کشتواڑ میں چیف ایجوکیشن آفیسر نے مسلسل شدید بارش اور مٹی کے تودے گرنے کے امکان کا حوالہ دیتے ہوئے جس سے طلباءاور عملے کو خطرہ لاحق ہے، اسکول بند کرنے کا حکم جاری کیا ۔ یہ حکم ڈپٹی کمشنر کشتواڑ کی ہدایات کے تحت جاری کیا گیا ہے۔اداروں کے سربراہوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مناسب ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے آن لائن کلاسز کے موثر انعقاد کو یقینی بنائیں۔اسی طرح چیف ایجوکیشن آفیسر رامبن نے ضلع انتظامیہ کی ہدایات کے مطابق شدیدبارش اور خراب موسم کی وجہ سے ضلع کے تمام سرکاری اور نجی اسکولوں کو بند کرنے کا حکم دیا۔ اسکولوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ آن لائن کلاسز کے ذریعے تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھیں تاکہ طلباءکی تعلیم میں خلل نہ پڑے۔







