عالمی برادری کشمیری عوام کو ان کا حقِ خودارادیت دلانے کے لیے موثر کردار ادا کرے

گلگت:کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیرشاخ کے سیکرٹری اطلاعات امتیاز وانی نے گلگت بلتستان اسمبلی کے اسپیکر عمران ندیم شگری سے ملاقات کی اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی تازہ صورتحال، بھارتی مظالم، مسئلہ کشمیر اور 5 اگست 2019 کے غیر قانونی بھارتی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق امتیاز وانی نے اسپیکر کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارت کی ریاستی دہشت گردی، سیاسی رہنماو¿ں اور نوجوانوں کی بلاجواز گرفتاریوں، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور آبادی کے تناسب میں تبدیلی کی کوششوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 کے بھارتی اقدامات اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں اور کشمیری عوام آج بھی اپنے حقِ خودارادیت کے لیے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی عمران ندیم شگری نے کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان اسمبلی ہمیشہ کشمیری عوام کی آواز رہی ہے اور آئندہ بھی ان کے حقِ خودارادیت اور بنیادی انسانی حقوق کے لیے بھرپور آواز بلند کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہاکہ 5 اگست کے موقع پر گلگت بلتستان اسمبلی میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم، بھارت کے غیر قانونی اقدامات اور انسانی حقوق کی پامالیوں کے خلاف مذمتی قرارداد پیش کی جائے گی اور کشمیری عوام سے بھرپور اظہارِ یکجہتی کیا جائے گا۔ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ تنازعہ جموں و کشمیرکو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کی ضرورت ہے۔ دونوں رہنماﺅں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور کشمیری عوام کو ان کا حقِ خودارادیت دلانے کے لیے مو¿ثر کردار ادا کرے۔








