بھارت :آسام میں سی آر پی ایف افسر کی دو ساتھی اہلکاروں کے قتل کے بعد خود کشی
گوہاٹی 04 اگست (کے ایم ایس) بی جے پی کے زیر اقتداربھارتی ریاست آسام میں بھارتی پیراملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے ایک افسر نے اپنے ہی دو اہلکاروں کو گولی مار کر ہلاک اورایک کو زخمی کرکے خودکشی کرلی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے ا سسٹنٹ سب انسپکٹر بلانی پریمابرم نے ضلع ناگاﺅں کے علاقے کٹی ماری میں قائم کیمپ میں فائرنگ کرکے اپنے دو ساتھیوں حوالدار وشنو پرساد بگھیل اور ایس آئی رامنوال سنگھ یادو کو ہلاک اور اے ایس آئی مانے گووند سری پل کو زخمی کردیا۔سی آرپی ایف افسرنے بعد میں خود کو انساس رائفل سے گولی مار کر اپنی زندگی کا بھی خاتمہ کردیا۔ناگاﺅں کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس پرمیتا سرکار نے صحافیوںکو بتایا کہ اے ایس آئی بلانی پریما برم نے جو مین گیٹ پر ڈیوٹی پر تھا، کٹیماری میں 34 بٹالین کیمپ میں اپنے ساتھیوں پر گولی چلائی۔ ڈی ایس پی نے بتایا کہ بعد میں اس نے خود کو گولی ماری اور موقع پر ہی دم توڑ دیا۔ انہوں نے کہاکہ فائرنگ سے وشنو پرساد بگھیل اور رامنوال سنگھ یادو کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔انہوں نے کہاکہ ایک اور سی آر پی ایف اہلکار اے ایس آئی مانے گووند سری پل اس واقعے میں زخمی ہوا اور اسے ایک نجی اسپتال لے جایا گیا۔ڈی ایس پی نے کہا کہ بعد میں زخمی اہلکاروں کو گوہاٹی میڈیکل کالج اسپتال منتقل کیا گیا۔







