کشمیریوں کو اپنی زمین، وسائل اور روزگار کے تحفظ کیلئے آئینی ضمانتیں ملنی چاہئیں، پون کھیرا

سرینگر:کانگریس کے سینئر رہنما اور پارلیمنٹ کے ایوان بالا راجیہ سبھا کے رکن پون کھیرا نے کہا ہے کہ کانگریس جموں وکشمیر کی ریاستی حیثیت کی بحالی اور کشمیریوں کے حقوق کے لیے آئینی تحفظات کی حمایت کرتی ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق پون کھیرا نے مقبوضہ علاقے کے دورے کے دوران سرینگر میں قائم ایک خبررساں ادارے کے ساتھ اپنی گفتگو کے دوران کہا کہ سیاسی بات چیت سے پہلے عوامی شکایات کو دور کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوںنے کہا کہ وہ لوگوں کے تحفظات کو سمجھنے کیلئے کشمیر کے دورے پر آئے ہیں۔انہوںنے کہا کہ خطے سے چھینی گئی ریاستی حیثیت کو بحال کیا جانا چاہیے اور اس کے باشندوں کو اپنی زمین، وسائل اور روزگار کے مواقع کے تحفظ کے لیے آئینی ضمانتیں ملنی چاہئیں۔انہوں نے کہاکہ کشمیر کے نوجوانوں کو ملازمتوں کا حق بھی ملنا چاہیے۔ پون کھیرا نے مقبوضہ علاقے کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بہت سے نوجوان جیل میں ہیں اور بامعنی بات چیت رک گئی ہے۔انہوںنے کہا کہ کانگریس کا خیال ہے کہ پہلی ترجیح یہ ہونی چاہیے کہ لوگوں کے دکھوں کو دور کیا جائے۔ اگر لوگ زخمی ہیں تو آپ سیاست کی شروعات نہیں کر سکتے، سب سے پہلے، زخموں کو بھرنا چاہیے۔







