تاریخی مشترکہ دفاعی معاہدے پر پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کومبارکباد

اسلام آباد:جموں کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے قائم مقام چیئرمین محمود احمد ساغر نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ مکرمہ میں طے پانے والے تاریخی مشترکہ دفاعی معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے مسلم دنیا کے درمیان باہمی اعتماد، یکجہتی، دفاعی تعاون اور مشترکہ سلامتی کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمود احمد ساغرنے ایک بیان میں اس تاریخی موقع پر تینوں برادر ممالک کی قیادت اور عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مسلم دنیا کو باہمی اتحاد، مفاہمت، امن، استحکام اور اجتماعی سلامتی کی پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ اسلامی دنیا کے اہم اور بااثر ممالک ہیں اور ان کے درمیان دفاعی تعاون کا فروغ نہ صرف تینوں ممالک بلکہ پورے خطے کے امن، استحکام اور سلامتی کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ معاہدہ باہمی تعاون کے ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہوگا اور مسلم ممالک کے درمیان مزید قریبی رابطوں اور مشترکہ اقدامات کی راہ ہموار کرے گا۔محمود احمد ساغر نے کہا کہ مضبوط دفاعی تعاون کا بنیادی مقصد خطے میں امن، خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کا تحفظ ہونا چاہیے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ مسلم ممالک کو باہمی اختلافات کو مذاکرات اور سفارتی ذرائع سے حل کرتے ہوئے ایک دوسرے کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ تنازعہ جموں و کشمیر سمیت دنیا بھر میںدیرینہ تنازعات اور مسائل کے پرامن اور منصفانہ حل کے لیے بھی مسلم دنیا کا متحد ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ مسلم ممالک کی اجتماعی آواز عالمی سطح پر امن، انصاف، انسانی حقوق اور حقِ خودارادیت کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ محمود ساغر نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کی قیادت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ یہ تاریخی معاہدہ تینوں برادر ممالک اور پوری مسلم امہ کے لیے امن، استحکام، سلامتی اور خوشحالی کا ذریعہ بنے۔







