کرناٹک حکومت کا ”آر ایس ایس“ جیسی تنظیموں کوسکولوں، عوامی مقامات کے استعمال سے روکنے کیلئے بل لانے پر غور

بنگلورو: ریاست کرناٹک میں کانگریس حکومت سرکاری احاطوں اور عوامی املاک کے استعمال کو منظم کرنے کے لیے ایک بل لانے پر غور کررہی ہے جسکا مقصد ”غیر رجسٹرڈ تنظیموں“ کی طرف سے ان مقامات کے استعمال پر پابندی عائد کرنا ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سرکاری ذرائع نے بتایا ہے کہ حکومتی کابینہ نے ”کرناٹک ریگولیشن آف یوز آف گورئمنٹ پریمسز اینڈ پبلک پراپرٹی بل 2026“ لانے پر غور کیا ہے ۔اس اقدام کا مقصد بنیادی طور پر ”آر ایس ایس “جیسی تنظیموں کو پیشگی اجازت کے بغیر عوامی مقامات کے استعمال سے روکنا ہے ، بل کی منظوری کے بعد کوئی بھی تنظیم خواہ وہ رجسٹرڈ ہو یا غیر رجسٹرد، کسی پروگرام کے انعقاد سے قبل متعلقہ اتھارٹی سے اجازت حاصل کرنے کی پابند ہو گی۔ ان تنظیموں کو سرکاری سکولوں کی عمارتوں یا عوامی میدانوں کے استعمال کیلئے بھی باضابطہ منظوری حاصل کرنا ہوگی۔ کرناٹک کے وزیر داخلہ پریانک کھرگے نے گزشتہ برس اس وقت کے وزیر اعلیٰ سدارا میاں کو خط لکھ کو سرکاری سکولوں ، کالجوں اور عوامی مقامات پر آر ایس ایس کی سرگرمیوں پر پابندی عائد کرنے کی درخواست کی تھی۔ انہوںنے خط میںلکھا تھا”آرایس ایس “نامی ایک تنظیم سرکاری اور امداد یافتہ سکولوں کیساتھ ساتھ عوامی میدانوں اپنے پروگرام منعقد کر رہی ہے جہاں نعرے لگائے جاتے ہیں اور بچوں اور نوجوانوں کے ذہنوں میں منفی خیالات پیدا کیے جاتے ہیں اور اس تنظیم کی سرگرمیاں بھارت کے اتحاد اور آئین کی روح کے خلاف ہیں۔








