”یوم سیاہ“: اسلام آباد میں بھارت مخالف احتجاجی مظاہرہ
بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں اپنے یوم آزادی کی تقریبات کے انعقادکا کوئی حق حاصل نہیں: مقررین

اسلام آباد: کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیرشاخ اور جموں و کشمیر لبریشن کمیشن کے زیر اہتمام آج بھارتی یوم آزادی کو ”یوم سیاہ“ کے طور پر منانے کے موقع پر اسلام آباد پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے کی قیادت حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے سابق کنوینر محمد فاروق رحمانی نے کی۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مظاہرین نے ہاتھوں میں سیاہ جھنڈے اٹھا رکھے تھے اور وہ”ہم چھین کے لیں گے آزادی، ہے حق ہمارا آزادی” کے نعرے لگارہے تھے۔ مظاہرے میں حریت رہنماوں، جموں و کشمیر لبریشن کمیشن کے نمائندگان، سیاسی و سماجی شخصیات اور کشمیری کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

محمد فاروق رحمانی نے مظاہرین سے خطاب میں کہا کہ کشمیری عوام آج بھارت کے یومِ آزادی کو یومِ سیاہ کے طور پر منا رہے ہیں، دنیا بھر میں مقیم کشمیری بھارتی قبضے کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے جموں کشمیر پر غیر قانونی طور پر اپنا تسلط جما رکھا ہے ، کشمیری عوام کا آج بھارتی یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منانا اس امر کا واضح اظہار ہے کہ وہ اسکے تسلط کو مسترد کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے پہلے وزیراعظم جواہر لال نہرو نے کشمیری عوام سے وعدہ کیا تھا کہ انہیں اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا موقع دیا جائے گا، مگر بھارت نے اپنے وعدوں اور عالمی سطح پر کیے گئے عہد سے انحراف کرتے ہوئے کشمیری عوام کو ان کے بنیادی حقِ خودارادیت سے محروم رکھا ہوا ہے۔ محمود احمد ساغر، چوہدری شاہین اقبال ،داو¿د یوسف زئی،الطاف احمد بٹ، امتیاز وانی ،مشتاق احمد بٹ، زاہد صفی ،منظور احمد شاہ عادل ترابی، رشید شاہ، خان افسر خان ،نجیب اللہ غفور ، غلام نبی بٹ نصرت بھٹی اور دیگر نے کہا کہ بھارت نے جموں وکشمیر پر ناجائز تسلط قائم کیا ہوا ہے لہذا اسے علاقے میں یوم آزادی کی تقریبات کے انعقاد کا کوئی حق حاصل نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ 79 برس سے اپنے پیدائشی حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں اور اس دوران لاکھوں کشمیریوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ بھارتی ظلم و جبر، گرفتاریوں، تشدد اور دیگر ریاستی ہتھکنڈے کشمیری عوام کے جذبہ آزادی کو ختم نہیں کر سکے۔انہوں نے واضح کیا کہ حقِ خودارادیت کشمیری عوام کا بنیادی حق ہے جسکے لیے کشمیریوں کی جدوجہد جاری رہے گی۔ مقررین نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے ۔مظاہرے کے اختتام پر مقبوضہ جموں و کشمیر کی بھارتی تسلط سے جلد آزادی، شہداءکے درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔






