وادی کشمیر سے پانچ درجن سے زائد قیدی جموں کی جیلوں میں منتقل
سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں قابض حکام نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما بلال احمد صدیقی سمیت پانچ درجن سے زائد سیاسی قیدیوں کو سرینگر سینٹرل جیل سے جموں کی مختلف جیلوں میں منتقل کر دیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق انسانی حقوق کی تنظیموں اور قیدیوں کے اہلخانہ نے بتایا ہے کہ دور دراز جیلوں میں منتقلی کے باعث انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ رشتہ داروں کو قیدیوں سے ملاقات کے لیے طویل فاصلہ طے کرنا پڑتا ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے ایک بیان میں اس اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے کشمیری نظربندوں کے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔حریت کانفرنس نے کہا کہ وادی کشمیر سے باہر کی جیلوں میں منتقلی کے باعث قیدیوں کے لیے مناسب قانونی معاونت اور طبی سہولیات کا حصول مشکل ہو جاتا ہے، جبکہ ان کے اہلخانہ کے لیے ملاقات کرنا بھی مشکل ہوجاتا ہے۔








