مقبوضہ جموں و کشمیر
صمد انقلابی کے اہلخانہ کا کوٹ بھلوال جیل میں انکی بگڑتی ہوئی صحت پر اظہار تشویش
سرینگر15مئی (کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میںجموں کی کوٹ بھلوال جیل میں نظربندحریت رہنما عبدالصمد انقلابی کے اہلخانہ نے ان کی بگڑتی ہوئی صحت پر شدید تشویش کا اظہارکرتے ہوئے انہیں رہاکرنے کا مطالبہ کیاہے۔
عبدالصمد انقلابی کے بڑے بھائی محمد یوسف نے بتایا کہ عبدالصمد انقلابی پہلے ہی کئی عارضوں میں مبتلا ہیں اورسننے میں آیا ہے کہ انہیں بھارت کی کسی دوردراز جیل میں منتقل کیاجارہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ان کی طبیعت بہت خراب ہے اورانہیں ہسپتال میں داخل کرانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے قابض انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ عبدالصمد انقلابی کو علاج معالجے کی سہولت فراہم کرے اور انہیں انسانی بنیادوں پر رہا کرے۔انہوں نے انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے بھی اپیل کی کہ وہ عبدالصمد انقلابی کی فوری رہائی میں اپنا کرداراداکریں۔