کشمیر کے ہاتھ سے بنے قالین کے شعبے کی تنزلی پراظہار تشویش
نئی دہلی:بھارت کے غیر قانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر کے روایتی ہاتھ سے بنے قالین کے شعبے کی تنزلی کا معاملہ اتر پردیش کے شہرنوئیڈا میں کیرپٹ ایکسپورٹ پروموشن کونسل کے 43ویں سالانہ اجلاس عام میں زیر بحث آیا، جہاں اراکین نے ہاتھ سے بنے قالین کی صنعت کی بحالی کے لیے زیادہ توجہ اور خصوصی معاونت کی ضرورت پر زور دیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق، سی ای پی سی کے چیئرمین مکیش گومبر کی صدارت اجلاس میں زور دیا گیا کہ کشمیر کے ہاتھ سے بنے قالین کے فروغ کے لیے مضبوط مارکیٹنگ، مقامی اور بین الاقوامی نمائشوں میں زیادہ شرکت، بہتر برانڈنگ، ہنر کی ترقی اور منڈیوں تک بہتر رسائی کو یقینی بنایا جائے۔اراکین نے کہا کہ روایتی شعبے کو درپیش چیلنجوں کے پیش نظر کشمیر کے ہاتھ سے بنے قالین کو زیادہ توجہ کی ضرورت ہے۔اجلاس میں سی ای پی سی کے وائس چیئرمین اسلم محبوب، کمیٹی آف ایڈمنسٹریشن کے اراکین شیخ عاشق احمد، محمد واصف انصاری، انیل کمار سنگھ، سنجے گپتا، پیوش کمار برنوال، بودھ راج ملہوترا، روہت گپتا، مہاویر پرتاپ شرما، مہراج یاسین جان اور شوکت خان کے علاوہ ڈاکٹر سمیتا نگرکوٹی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر کم سیکرٹری (قائم مقام) نے بھی شرکت کی۔







