مقبوضہ کشمیر میں پابندیاں مزید سخت کر دی گئیں
سرینگر:بھارت کے غیرقانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں قابض انتظامیہ نے پابندیاں مزید سخت کر دی ہیں ا ور سرینگر اور وادی کشمیر کے دیگر اضلاع میں تلاشی کارروائیاں، گاڑیوں کی چیکنگ، سخت نگرانی اورفوجی مشقوں میں اضافہ کردیاہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سرینگر میں بھارتی پولیس اور دیگر فورسز کے اہلکار کئی مقامات پر گاڑیوں ، مسافروں اورراہگیروں کی تلاشی لے رہے ہیں ۔بھارتی فورسز کی مشترکہ ٹیمیں اہم سڑکوں ،چوراہوںاور مصروف شہری راستوں پر گاڑیوں کو روک کر شناختی دستاویزات چیک کررہے ہیں ۔ وادی کشمیر کے دیگر اضلاع سے بھی اسی طرح کی اطلاعات ملی ہیں ۔سرکاری حکام کے مطابق یہ کارروائیاں آئی جی پولیس کشمیر زون، سوجیت کمار کی طرف سے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کو امن و امان کے جائزہ اجلاسوں کے دوران جاری کردہ ہدایات کے بعد شروع کی گئی ہیں۔وادی کے دیگر اضلاع میں قابض فورسز کی اضافی نفری تعینات ، رات کے گشت اور تلاشی کی کارروائیوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔







