رام بن میں دو پولیس اہلکارگاڑی میں پراسرار حالات میں مردہ پائے گئے
جموں: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر کے ضلع رام بن میں بھارتی پولیس کے دو اسپیشل پولیس افسر (ایس پی اوز)پراسرار حالات میں مردہ پائے گئے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق دونوں ایس پی اوز منگل کی رات دیر گئے ضلع رام بن کے علاقے ناشری میں زیارت موڑ کے مقام پر ایک سڑک کے قریب مردہ پائے گئے۔ ہلاک ہونے والے اہلکاروں کی لاشیں ان میں سے ایک کی ذاتی گاڑی کے قریب سے ملیں۔پولیس کے مطابق ایک اہلکار کی گردن کے گرد نشانات پائے گئے ہیں جس سے اموات کے بارے میں سوالات کھڑے ہوگئے ہیں۔ہسپتال حکام نے ہلاک ہونے والے اہلکاروں کی شناخت یعقوب اور فرید احمد کے نام سے کی ہے۔ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ ہسپتال رام بن منتقل کیاگیا ہے۔اموات کی اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی۔ توقع ہے کہ پوسٹ مارٹم اور تحقیقات سے دونوں اہلکاروں کی موت کی وجہ معلوم ہوسکے گی۔






