امپھال : محکمہ جنگلات کے افسر کی رہائش گاہ کے باہر دھماکہ
امپھال:بھارتی ریاست منی پور کے دارالحکومت امپھال میں جنگلات کے ایک سرکاری افسر کی رہائش گاہ پر صبح سویرے دھماکا ہوا، جس کی ذمہ داری کالنگپاک کمیونسٹ پارٹی نے قبول کرنے کا دعوی کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق دھماکا امپھال کے علاقے کونگبا کھیتری لیکائی میں ضلع نونی کے فاریسٹ رینج آفیسر اوینام پامہئی با کی رہائش گاہ پر ہوا۔کالنگپاک کمیونسٹ پارٹی نے میڈیا کو جاری بیان میں دعویٰ کیاہے کہ دھماکامحکمہ جنگلات کے افسر سے کیے گئے بعض مطالبات سے متعلق تنازع کے بعد کیا گیا۔ تنظیم نے ایک اور جنگلاتی اہلکار، ٹکھے لامبم ٹیکن، کو بھی دھمکی دی ہے۔
تاہم کے سی پی کے بیان میں کیے گئے دعووں اور الزامات کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی۔ پولیس اور دیگر حکام نے تاحال واقعے کی مزید تفصیلات فراہم نہیں کی ہیں۔ فوری طور پر یہ بھی معلوم نہیں ہوسکا کہ دھماکے میں کوئی جانی نقصان ہوا یا املاک کو کس حد تک نقصان پہنچا۔
یہ واقعہ منی پور میں جاری پر تشددواقعات اور کشیدگی کے دوران پیش آیا ہے، جہاں مسلح گروہوں اور بھارتی فورسز کے درمیان جھڑپیں ایک معمول بن گیاہے ۔








