مقبوضہ کشمیر : قابض انتظامیہ نے مزید 5کشمیری سرکاری ملازمین کو برطرف کردیا

سرینگر:
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں قابض انتظامیہ نے اپنی جابرانہ پالیسیوں کو جاری رکھتے ہوئے مزید 5 کشمیری سرکاری ملازمین کو برطرف کر دیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق نئی دلی کے مقرر کردہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی زیر قیادت انتظامیہ نے محمد اشفاق، طارق احمد شاہ، بشیر احمد، فاروق احمد اور محمد یوسف کومختلف سرکاری محکموں سے بر طرف کردیاہے ۔ اگست 2019میں مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے بعد سے،سینکڑوں کشمیری ملازمین کومختلف حیلے بہانوں سے برطرف کیاگیا ہے۔ ان انتقامی کارروائیوں کامقصد کشمیریوں کو پسماندہ رکھنا ہے ۔
ادھرکل جماعتی حریت کانفرنس نے سرینگر میںجاری ایک بیان میں سرکاری محکموں سے کشمیری ملازمین کی جبری برطرفی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس اقدام کو بھارتی قابض انتظامیہ کے آمرانہ اور کشمیر مخالف ایجنڈے کا حصہ قرار دیاہے۔بیان میں عالمی برادری پر زور دیاگیاہے کہ وہ مظلوم کشمیریوں کو بھارت کے جابرانہ تسلط سے نجات دلانے کیلئے فوری طور پر مداخلت کرے ۔







