مقبوضہ کشمیر :کائونٹر انٹیلی جنس کشمیر کا ایک خاتون کے گھر پر چھاپہ
پورے مقبوضہ کشمیر میں تلاشی کی کارروائیاں جاری
سرینگر:غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں کائونٹر انٹیلی جنس کشمیر کے اہلکاروں نے ضلع اسلام آباد میں ایک خاتون کے گھر پر چھاپہ ماراہے۔
ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کی قیادت میں کائونٹر انٹیلی جنس کشمیر کی ایک ٹیم نے ضلع کے علاقے جنگلات منڈی میں ایک گھر کی تلاشی لی اور خاتون کی رہائش گاہ سے دو موبائل فونز اور سم کارڈز قبضے میں لے لیے۔قابض حکام کا دعوی ہے کہ خاتون پر کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی جدوجہد میں ملوث ہونے کا شبہ ہے۔
ادھر بھارتی فوج نے ضلع پونچھ کے علاقے مینڈھر میں کنٹرول لائن کے ساتھ ‘باسونی ٹاپ’ سے دو بارودی سرنگیں برآمد کرنے کا دعویٰ کیاہے ، جنہیں بعد ازاںناکارہ بنا دیا۔بھارتی فورسز نے سرینگر، اسلام آباد، شوپیاں، کولگام، پلوامہ، بڈگام، بانڈی پورہ، بارہمولہ، گاندربل، کپواڑہ، راجوری، ادھم پور، پونچھ، کٹھوعہ اور جموں اضلاع کے کئی علاقوں میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں جاری رکھیں اور نگرانی تیز کر دی ہے ۔
مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوںمیں گاڑیوں اور راہگیروں کی تلاشی روزکا معمول بن گیا ہے۔ بھارتی پولیس نے جموں کے علاقے ‘جیول’ میں ایک کارروائی کے دوران انل کمار شرما نامی شخص سے دیسی ساختہ پستول برآمد کرنے کا بھی دعوی کیاہے۔






