انتونیو گوتریس کی مشرقِ وسطیٰ میں امن کے لیے پاکستان کے کردارکی تعریف
مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنا ناگزیر ہے: اسحق ڈار
اسلام آباد: قوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے مشرقِ وسطیٰ میں امن کے لیے پاکستان کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہاہے کہ مشکل حالات میں بھی پاکستان نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس اورنائب وزیر اعظم اسحق ڈار کی ملاقات کے بعد مشترکہ نیوز بریفنگ میں عالمی ادارے کے سربراہ نے کہا کہ اقوام متحدہ پاکستان کو یکجہتی کا ذریعہ سمجھتا ہے، پاکستان نے مشکل حالات میں ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی قیادت کو ایران تنازعے پر مذاکرات کروانے پر سلام پیش کرتا ہوں۔
اقوام متحدہ کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان کی کوششوں سے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت اور جنگ بندی کی راہ ہموار ہوئی، تمام فریق سفارت کاری کی طرف واپس آئیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہائیوں تک افغانوں کے لیے اپنے دروازے کھلے رکھے، اقوام متحدہ افغانوں کی باوقار واپسی کی حمایت کرتا ہے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اس موقع پر کہا کہ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنا ضروری ہے، سفارت کاری کو کامیاب بنانے کا ہر ممکن موقع فراہم کیا جانا چاہیے۔اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنا بند کرے اور سندھ طاس معاہدے کی ذمہ داریاں پوری کرے۔انہوں نے کہاکہ افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی سے نمٹنے میں اقوام متحدہ اور عالمی برادری کردار ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کئی دہائیوں تک لاکھوں افغان مہاجرین کیلئے اپنے دروازے کھلے رکھے، پاکستانیوں نے تحفظ اور سلامتی کے متلاشی افغانوں کے ساتھ دستیاب وسائل بانٹے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ریاستوں کی خودمختاری کا حامی ہے، پاکستان 47 سال بعد امریکہ اور ایران کو مذاکرات کی میز پر لایاہے۔






