شہید برہان وانی کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے پاکستان اور آزاد کشمیر میر ریلیاں اور ،سیمینارز منعقد
اسلام آباد: ممتاز کشمیری نوجوان رہنما برہان مظفر وانی اور ان کے ساتھیوں کی شہادت کی برسی پر پورے پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر میں ریلیاں، سیمینارز اور تقریبات منعقد کی گئیں، اور شرکاء نے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق، اسلام آباد، مظفرآباد، کراچی اور دیگر علاقوں میں منعقدہ تقریبات میں حریت رہنماوں، سیاسی شخصیات، سول سوسائٹی کے اراکین اور کشمیری مہاجرین سمیت بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ مقررین نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ برہان وانی کی عظیم قربانی نےتحریک آزادی کشمیرکو نئی جلا بخشی اور کشمیری نوجوانوں کی نئی نسل کو آزادی اور حق خود ارادیت کی جدوجہد جاری رکھنے کا حوصلہ دیا۔کراچی میں حریت کانفرنس آزادکشمیر شاخ کے زیر اہتمام ایک عظیم ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
حریت کانفرنس کے کنوینر غلام محمد صافی کی قیادت میں نکالی گئی اس ریلی میں سیاسی، مذہبی، سماجی، طلبہ، وکلا، تاجروں، انسانی حقوق اور کشمیری تنظیموں کے رہنماوں اور نمائندوں نے بھی شرکت کی، جس سے مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے شہید برہان مظفر وانی کو ہمت، مزاحمت اور کشمیر کی آزادی تحریک کی ایک پائیدار علامت قرار دیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ، او آئی سی، بین الاقوامی انسانی حقوق تنظیموں اور بااثر عالمی طاقتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی سنگین صورت حال کا فوری نوٹس لیں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد کو یقینی بنا کر تنازعہ کشمیر کے حل میں مدد کریں۔
اسلام آباد میں کشمیر ہاؤس میں حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ اور جموں و کشمیر لبریشن کمیشن کے زیر اہتمام ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ مقررین نے کہا کہ برہان وانی اور دیگر شہداء کا مشن اس وقت تک جاری رہے گا جب تک جموں و کشمیر کے عوام اپنے بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حق خود ارادیت حاصل نہیں کر لیتے۔انہوں نے زور دیا کہ بھارتی فوجی جبر کشمیریوں کی آزادی تحریک کو دبا نہیں سکتا۔
مظفرآباد میںپاسباں حریت جموں و کشمیر کے زیر اہتمام شہید برہان وانی چوک میں ایک بڑی ریلی اور تقریب منعقد کی گئی ۔ تقریب سے پاسباں حریت کے چیئرمین اعزیر احمد غزالی، آزاد کشمیر کے وزیر اعظم کے ترجمان شوکت جاوید میر، ڈائریکٹر کشمیر سیل راجہ سجاد لطیف خان، اور کشمیری حریت رہنما عثمان علی ہاشم، راجہ محمد عارف خان اور سرانداز میر نے خطاب کیا۔ اس موقع پر کشمیری نوجوانوں کے ایک دستے نے قومی اور ریاستی پرچموں کو سلامی پیش کی، جبکہ "رن فار فریڈم” دوڑ کا بھی اہتمام کیا گیا تاکہ شرکاء کے کشمیر آزادی تحریک سے عزم کا اعادہ کیا جا سکے۔








