مقبوضہ جموں و کشمیر

مودی حکومت نے بارہمولہ میں افضل گورو کے خاندان کا ڈیری یونٹ کا ڈھانچہ مسمارکردیا

عالمی ادارے اجتماعی سزا کی پالیسی ختم کرانے کے لیے بھارت پر دباو ڈالیں : حریت کانفرنس

سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں قابض حکام نے ضلع بارہمولہ میں شہید محمد افضل گورو کے خاندان کا ایک ڈیری یونٹ پر مشتمل ڈھانچہ مسمار کر دیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محکمہ مال کی ایک ٹیم نے انسداد تجاوزات مہم کے نام پر بارہمولہ کی اسٹیڈیم کالونی کے قریب ایک ڈیری یونٹ پر مشتمل ڈھانچہ مسمار کر دیا۔ یہ ڈھانچہ افضل گورو کی اہلیہ اور رشتہ داروں کی ملکیت تھا۔یہ کارروائی قابض حکام کی موجودگی میں کی گئی، جبکہ اس موقع پر علاقے کے اطراف بھارتی فورسز کے اہلکاروں کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔

کل جماعتی حریت کانفرنس نے اس کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے افضل گورو کے خاندان کو اجتماعی سزا دینے کا اقدام قرار دیا ۔ حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیرشاخ کے سیکریٹری جنرل ایڈووکیٹ پرویز احمد شاہ نے ایک بیان میں کہا کہ اس کارروائی کا مقصد افضل گورو کے خاندان کو ان کی قانونی املاک سے محروم کرنا اور کشمیری عوام بالخصوص سیاسی قیدیوں اور شہدا ء کے خاندانوں میں خوف و ہراس پیدا کرنا ہے۔پرویز احمد شاہ نے کہا کہ 9فروری 2013کو نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں ایک جھوٹے مقدمے میں شہید افضل گورو کو پھانسی دیے جانے کے بعد ان کے خاندان کو اسلامی قانونِ وراثت کے تحت مذکورہ جائیداد ورثے میں ملی تھی۔
ایڈووکیٹ شاہ نے اقوام متحدہ، اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق، اسلامی تعاون تنظیم اور انسانی حقوق کی دیگرعالمی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ اس کارروائی کا نوٹس لیں اور مقبوضہ جموں وکشمیرمیں اجتماعی سزا کی پالیسی ختم کرانے کے لیے بھارت پردباو ڈالیں۔ انہوں نے متاثرہ خاندان کے لیے معاوضے کا بھی مطالبہ کیا۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button