کولگام :بھارتی فورسزنے 5 کشمیری نوجوان گرفتار کر لیے
سری نگر:بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں بھارتی فورسز اہلکاروں نے ضلع کولگام میں ایک آپریشن کے دوران پانچ کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق نوجوانوں کو ضلع کے علاقے کھریوان چڈر میں بھارتی فوج کی راشٹریہ رائفلز، پیرا ملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس اور پولیس نے ایک مشترکہ آپریشن کے دوران گرفتار کیا ۔
گرفتار ہونے والوں کی شناخت تجمل حسین میر،رحمت علی نائیکو، تحریم احمد بٹ منظور احمد بٹ اور کفایت احمد ڈار کے طور پر کی گئی ہے۔
بھارتی حکام نے نوجوانوں کی گرفتار ی کا جواز پیش کرنے کیلئے ان پر عسکریت پسندوں کیساتھ کام کرنے کا الزام عائد کیا ہے ۔حکام نے گرفتار نوجوانوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمدکرنے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔
یاد رہے کہ بیگناہ کشمیری نوجوانون کی مختلف بہانوں سے گرفتاری بھارتی فورسز کا روز کا معمول ہے جسکا مقصد علاقے میں خوف ودہشت کا ماحول پیدا کرنا اور کشمیریوںکو تحریک آزادی سے کنارہ کشی اختیار کرنے پر مجبور کرنا ہے۔ اس وقت حریت رہنماﺅں اور کارکنوں سمیت ہزاروں کشمیری جیلوںاور عقوبت خانوں میں بند ہیں۔





