سرینگر : انڈیا اتحاد کا سرینگر میں احتجاج، بھارتی چیف الیکشن کمشنر سے استعفے کا مطالبہ
سرینگر: بھارت میں حزب اختلاف کی جماعتوں کے انڈیا اتحاد کے رہنمائوں نے سرینگر میں احتجاجی مظاہرہ کیااور بھارتی چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار سے فوری استعفے کا مطالبہ کیا ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کانگریس، نیشنل کانفرنس، پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی اور کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا(مارکسسٹ)کے نمائندوں نے سرینگر میں پریس کانفرنس کے دوران مشترکہ ووٹ بچائو، جمہوریت بچا مہم شروع کرنے کا اعلان کیا ۔
اس موقع پر فاروق میر، ایڈووکیٹ توقیر میر اور غلام نبی لون سمیت اپوزیشن رہنمائوں نے خطاب کیا۔ اتحاد نے بھارتی الیکشن کمیشن پر دبائو بڑھانے کے لیے مقبوضہ جموں و کشمیر بھر میں احتجاج کو پھیلانے کا اعلان کیا۔
اپوزیشن جماعتیں انتخابی فہرستوں کی خصوصی نظرثانی کی مخالفت کر رہی ہیں اور بڑے پیمانے پر ووٹروں کے نام خارج کیے جانے کا الزام عائد کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کی غیرجانبداری پر سوال اٹھا رہی ہیں۔








