لداخ کے رہنمائوں اور بھارتی وزارت داخلہ کے درمیان مذاکرات کا اگلا دورآئندہ ہفتے متوقع
سرینگر:غیر قانونی طورپربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے خطے لداخ کے رہنمائوں اور بھارتی وزارت داخلہ کے حکام کے درمیان مذاکرات کا اگلا دور آئندہ ہفتے متوقع ہے۔
لہہ ایپکس باڈی کے چیئرمین سیرنگ ڈورجے لاکروک نے میڈیا کو بتایاہے کہ مذاکرات کی حتمی تاریخ کے بارے میں سرکاری اطلاع ابھی موصول نہیں ہوئی۔ ان کی تنظیم نے 12 سے 14 اکتوبر کی تاریخیں تجویز کی تھیں، تاہم اب 15 اکتوبر کو مذاکرات ہونے کی اطلاعات ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اس بار مذاکرات لداخ میں ہوں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ذیلی کمیٹی کی سطح پر ہونے والے مذاکرات میں 22مئی کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی بنیاد پر کوئی ٹھوس نتیجہ سامنے آئے گا۔لہہ ایپکس باڈی اور کارگل ڈیموکریٹک الائنس کے رہنمائوں نے بھی آئندہ مذاکرات سے ٹھوس پیش رفت کی توقع ظاہر کی ہے۔
لہہ ایپکس باڈی کے کنوینر گیلک پھنچوک نے کہا کہ لداخ کو وزارت داخلہ کی جانب سے آئین کے آرٹیکل 371(K) کے تحت خصوصی آئینی تحفظات اور بامعنی قانون ساز اسمبلی کے قیام سے متعلق تفصیلی مسودے کی توقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات میں تجاویز کا بغور جائزہ لیاجائے گا، لداخ کے متعلقہ حلقوں سے مشاورت اور خطے کے وسیع تر مفاد میں اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کی جائے گی۔








