چیف الیکشن کمشنر کے استعفے تک روز جنتر منتر کی طرف مارچ کیا جائے گا، سی جے پی
نئی دلی: کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) اور متعدد طلبہ تنظیموں نے واضح کیا ہے کہ وہ خوفزدہ نہیں ہیں اور اس وقت تک روز جنتر منتر کی طرف احتجاجی مارچ کیا جائے گا جب تک ووٹ چوری اور حکمران جماعت بی جے پی کے ساتھ ساز باز کے الزامات پر چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار مستعفی نہیں ہو جاتے یا انہیں برطرف نہیں کیا جاتا۔سی جے پی کے رہنماؤں نے یہ اعلان اس وقت کیا جب بانی ابھیجیت دیپکے سمیت پارٹی کی اعلیٰ قیادت اور سینکڑوں حامی دارالحکومت دلی میں احتجاج کی کال کے بعد پولیس حراست میں تھے۔ رہنماؤں نے پُرامن مظاہرین پر پولیس تشدد کی شدید مذمت کی۔
سی جے پی رہنماؤں نے کہا کہ دیپکے کے ساتھ غیر انسانی سلوک کیا جا رہا ہے اور مہاراشٹر میں ان کے آبائی گاؤں میں ان کی دادی کے انتقال کے باوجود انہیں آخری رسومات میں شرکت کی اجازت نہیں دی گئی۔
دیپکے کی عدم موجودگی میں احتجاج کی قیادت کرنے والے سی جے پی رہنما اجنکیا شندے نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کی برطرفی تک ہر روز جنتر منتر کی طرف مارچ کیا جائے گا۔
اسٹوڈنٹس فیڈریشن آف انڈیا کے جنرل سیکرٹری سریجن بھٹاچاریہ نے وزیر اعظم نریندر مودی کو نشانہ بناتے ہوئے ان کے آمرانہ طرزِ حکومت کے خلاف وسیع تر اتحاد کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کے احتجاج کا دائرہ کار ملک کے مختلف حصوں تک پھیلایا جائے گا۔ ہر جگہ مظاہرے کیے جائیں گے اور جہاں پولیس رکاوٹیں کھڑی کرے گی، وہی مقام جنتر منتر میں تبدیل ہو جائے گا۔





