آزادکشمیر: ایل او سی کے قریب بھارت سے بہہ کر آنیوالی بارودی سرنگ پھٹنے سے 4نوجوان شہید
پونچھ:آزادکشمیر کے علاقے پونچھ میں کنٹرول لائن کے قریب واقع گائوں مہنڈلہ مدارپور میں بھارت کی جانب سے بہہ کر پاکستان آنے والی بارودی سرنگ کے دھماکے میں 4نوجوان شہید ہوگئے ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق چاروں نوجوان روز مرہ معمولات کے پیش نظر گائوں کے قریب چشمے کے پانی کی پائپ لائن کی مرمت کے لیے گئے تھے ۔نوجوانوں کے پہنچتے ہی حادثاتی طور پربارودی سرنگ زور دار دھماکے سے پھٹ گئی ، جس کے نتیجے میں چاروں نوجوان موقع پر ہی شہید ہوگئے۔
شہدا کی شناخت فیضان صغیر، اشتیاق، عاصم رفیق اور وقاص شریف کے ناموں سے ہوئی ہے۔اس افسوسناک واقعے کے بعد پورا علاقہ سوگ میں ڈوب گیا، نوجوانوں کی شہادت پر علاقے میں گہرے رنج و غم کی فضا ہے۔
واضح رہے کہ کنٹرول لائن کے قریبی علاقوں میں بھارت کی جانب سے بہہ کر آنے والی بارودی سرنگوں کے باعث شہریوں کی جانوں کو خطرات لاحق رہتے ہیں اور اکثر ایسے بدقسمت حادثات قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا سبب بنتے ہیں۔








