بھارت

بھارت: آسام میں مزید 1,100 سے زائد مسلمان خاندان بے دخل، 10 مساجد شہید

گوہاٹی: بی جے پی کے زیرِ اقتدار بھارتی ریاست آسام میں حکومت نے انہدامی کارروائیوں کے دوران بنگالی مسلمانوں کے مزید 1,100 سے زائد خاندانوں کو بے دخل اور 10 سے زائد مساجد کو شہید کر دیا۔

متاثرین کا کہنا ہے کہ وہ کئی دہائیوں سے اس سرزمین پر آباد ہیں۔ انسدادِ تجاوزات مہم کی آڑ میں یہ انہدامی کارروائیاں ناگاؤں، گولاگھاٹ اور ہوجائی اضلاع میں کی گئیں۔ متاثرہ رہائشیوں نے اپنی بے دخلی کو عدالتوں میں چیلنج کیا ہے۔

آسام میں پسماندہ برادریوں، بالخصوص بنگالی مسلمانوں، کو نشانہ بنا کر بے دخل کرنے اور ان کی املاک مسمار کرنے کے واقعات بار بار سامنے آتے رہے ہیں۔ تازہ کارروائی ایسے وقت میں کی گئی ہے جب مسلمانوں کے خلاف ایک منظم مہم جاری ہے۔

ہفتے کے روز تینوں اضلاع میں سخت سکیورٹی کے تحت 547 مسلمان خاندانوں کو بے دخل کیا گیا، جن میں ناگاؤں کے 336، ہوجائی کے 152 اور گولاگھاٹ کے 59 خاندان شامل تھے۔ اتوار کو کارروائی کے دوسرے دن حکام نے ضلع ناگاؤں کے لوٹوماری لونگجاپ ریزرو جنگل میں 600 سے زائد مسلمان خاندانوں کے مکانات مسمار کر دیے۔ حکام کا دعویٰ ہے کہ ان خاندانوں نے جنگلاتی اراضی پر تجاوزات قائم کر رکھی تھیں۔

لوٹوماری میں بے دخل کیے گئے خاندان ریزرو جنگل کے اندر 300 ہیکٹر سے زائد اراضی پر کئی دہائیوں سے آباد تھے۔ رہائشیوں نے بی جے پی انتظامیہ کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ قابضین نہیں ہیں۔ بھارتی خبر رساں ویب سائٹ ’اسکرول‘ کے مطابق، ان خاندانوں کا کہنا ہے کہ ان کے بزرگ ابتدا میں محکمۂ جنگلات میں مزدوروں کے طور پر کام کرتے تھے اور حکومت نے خود انہیں وہاں آباد کیا تھا۔

جون میں آل انڈیا یونین آف فاریسٹ ورکنگ پیپل نے آسام حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ لوٹوماری لونگجاپ ریزرو جنگل سے دیہاتیوں کی مجوزہ بے دخلی روکی جائے۔ یونین نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ کندرپا لونگجاپ، پدومونی، ہاتھی جور اور نمبر 9 خیرونی نامی چار دیہات کے رہائشیوں کو نوآبادیاتی دور کے ’’ٹونگیا نظام‘‘ کے تحت آباد کیا گیا تھا، اس لیے انہیں عام تجاوزات قائم کرنے والوں کے طور پر نہیں دیکھا جانا چاہیے۔

’اسکرول‘ نے لوٹوماری کے 44 سالہ رہائشی عبدالنور کا حوالہ دیا، جن کا گھر اتوار کو مسمار کیا گیا۔ انہوں نے کہا، ’’ہمیں 1974 میں حکومت نے یہاں آباد کیا تھا۔ ہمارا تعلق اصل میں قریبی قصبے جوریا سے ہے، لیکن ہمارے بزرگ بے زمین تھے، اس لیے حکومت نے ہمیں یہاں آباد کیا۔ مجموعی طور پر 300 بے زمین خاندانوں کو چار، چار بیگہ زمین دی گئی تھی۔‘‘

’اسکرول‘ کے مطابق، اس کارروائی کے دوران 10 سے زائد مساجد بھی شہید کی گئیں، جن میں سے بعض 50 سال سے زیادہ عرصے سے قائم تھیں۔

ٹونگیا نظام کے تحت جنگلات میں رہنے والی برادریاں محکمۂ جنگلات کے لیے کام کرتے ہوئے تجارتی لحاظ سے قیمتی درختوں کے ساتھ ساتھ غذائی اجناس بھی کاشت کرتی تھیں۔ یہ نظام 19ویں صدی کے وسط میں برطانوی دورِ حکومت میں متعارف کرایا گیا تھا اور بعد میں آسام کے بعض علاقوں میں بھی رائج کیا گیا۔

بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے گزشتہ ایک عشرے کے دورِ حکومت میں ریاست آسام میں تقریباً 19,000 خاندانوں کو ان کی زمینوں سے بے دخل کیا جا چکا ہے، جن میں اکثریت مسلمانوں کی ہے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button