APHC

میرواعظ کا دہلی کی تاریخی مسجد کو نوٹس جاری کیے جانے پر شدید تشویش کا اظہار

سرینگر: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیرِ قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میرواعظ عمر فاروق نے نئی دہلی کی تاریخی ریس کورس مسجد کو چھ روز کے اندر خالی کرنے کے نوٹس کی اطلاعات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ مسجد 1977 سے گزٹ میں درج اوقاف کی جائیداد ہے اور اسے تسلیم شدہ تاریخی ورثے کی حیثیت بھی حاصل ہے۔

میرواعظ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک بیان میں کہا کہ یہ امر انتہائی افسوسناک اور تشویشناک ہے کہ دہلی کی تاریخی ریس کورس مسجد، جو 1977 سے گزٹ میں درج اوقاف کی جائیداد ہے اور ایک تسلیم شدہ تاریخی ورثہ بھی ہے، کو چھ دن کے اندر خالی کرنے کا نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے بھی زیادہ تشویشناک بات یہ ہے کہ اوقاف حکام اس مسجد کے دفاع اور تحفظ میں ناکام رہے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا مسلم عبادت گاہوں کے ساتھ اب یہی نیا معمول بنتا جا رہا ہے؟

میرواعظ نے کہا کہ یہی وہ وجوہات ہیں جن کی بنا پر انہوں نے اوقاف قانون میں ترامیم اور مسلم مذہبی اوقاف کے انتظام میں نامزد نمائندوں کے ذریعے حکومت کے بڑھتے ہوئے کنٹرول کی سخت مخالفت کی تھی۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر قانونی طور پر تسلیم شدہ ایک مسجد کا بھی تحفظ نہیں کیا جا سکتا تو پھر دیگر مساجد اور مذہبی املاک کے تحفظ کی کیا ضمانت دی جا سکتی ہے؟

میرواعظ نے کہا کہ اس تازہ اقدام سے اوقاف قانون میں کی گئی ترامیم کے حوالے سے بار بار اٹھائے جانے والے ان کے خدشات درست ثابت ہو رہے ہیں۔ یہ خدشات بالخصوص مسلم مذہبی اداروں کی خودمختاری، اوقاف حکام کی جواب دہی اور مذہبی املاک کو من مانے اقدامات اور غیر ضروری مداخلت سے محفوظ رکھنے سے متعلق تھے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button