حریت رہنمائوں کی عیدالفطر پر امت مسلمہ اور کشمیری عوام کو مبارکباد
سرینگر: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں حریت قیادت نے دنیا بھر کے مسلمانوں بالخصوص کشمیری عوام کو عیدالفطر کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اتحاد، صبر اور ہمدردی کا پیغام دیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق غیر قانونی طورپرنظر بند حریت رہنما مشتاق الاسلام نے جموں کی جیل سے جاری پیغام اوراور مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے صدرڈاکٹر قمر الزمان زرگر نے ایک بیان میں کہاہے کہ عید شکرگزاری اور اللہ تعالی کی رحمتوں کے حصول کا دن ہے۔ انہوں نے کشمیری عوام سے اپیل کی کہ وہ عید کی خوشیوں میں شہدا اور نظر بند کشمیریوں کے اہل خانہ کو خصوصی طور پر یاد رکھیں اور ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں۔ انہوں نے کہا کہ مشکل حالات سے گزرنے والے خاندانوں کے ساتھ ہمدردی اور تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے۔مقبوضہ جموں و کشمیر کی موجودہ سنگین صورتحال کی وجہ سے عوام کوشدید مشکلات کاسامنا ہے اور انسانی حقوق سے متعلق خدشات برقرار ہیں۔ حریت رہنمائوں نے کہاکہ کشمیری عوام کی قربانیاں ان کے موقف اور جدوجہد کو تقویت دیتی ہیں۔ سرینگر میں موجود دیگر حریت رہنمائوں نے بھی عید کی مبارکباد دیتے ہوئے دنیا بھر کے مسلمانوں خصوصا تنازعات اور مشکلات سے متاثرہ خطوں کے عوام کے لیے دعا کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے علمائے کرام سے بھی درخواست کی کہ وہ عید الفطر کی نماز میں امن، انصاف اور بہتر مستقبل کے لیے خصوصی دعائوں کا اہتمام کریں۔
دریں اثنا حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی ،جنرل سکریٹری ایڈوکیٹ پرویز احمد، سکریٹری اطلاعات مشتاق احمد بٹ نے بھی اپنے ایک مشترکہ بیان میں ملت اسلامیہ اور جموں و کشمیر کے عوام کو عید الفطر کی دل کی عمیق گہرائیوں سے مبارکباد دیتے ہوئے ان سے عید سادگی سے منانے اور خوشی کے اس پر موقع پر کشمیر ی شہداء کے ورثا کا خصوصی خیال رکھنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہمیں کشمیر اور دور دراز کی بھارتی جیلوں اور عقوبت خانوں میں برس ہا برس سے قید کشمیری حریت رہنماوں ، کارکنوں،صحافیوںاور انسانی حقوق کے کارکنوں کو نہیں بھولنا چاہیے جو وطن کی آزادی کیلئے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم عید کے اس مقدس موقع پرنظربندوں کے عزم و ہمت ، اور شجاعت کو سلام پیش کرتے ہیں اور ان کی صحت و سلامتی ، رہائی اور جموں وکشمیر کی بھارتی تسلط سے جلد آزادی کیلئے اللہ کے حضور دعا گو ہیں ۔






