بھارت

اقوام متحدہ کے 24 ماہرین کی پُرامن مظاہرین کے خلاف بھارت کی ظالمانہ کارروائیوں کی مذمت

طاقت کے وحشیانہ استعمال، بلاجواز گرفتاریوں اور عوامی اجتماعات پر پابندیوں کے خاتمے کا مطالبہ

جنیوا: اقوام متحدہ کے 24 ماہرین نے بی جے پی کی زیرِ قیادت بھارتی حکومت کی جانب سے پُرامن مظاہرین کے خلاف ظالمانہ کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے گزشتہ تین ماہ کے دوران نئی دہلی اور بھارت کے دیگر علاقوں میں نوجوانوں کی قیادت میں ہونے والے پُرامن مظاہروں کے خلاف پولیس کے سفاکانہ اقدامات پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

ماہرین نے بھارتی حکام پر زور دیا ہے کہ وہ پُرامن مظاہرین کے خلاف ضرورت سے زیادہ طاقت کا استعمال بند کریں، پُرامن احتجاج کے حق کا احترام کریں، اس کا تحفظ کریں اور اسے یقینی بنائیں۔ انہوں نے حالیہ مظاہروں کے دوران انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کرکے ذمہ داروں کا احتساب کرنے اور متاثرین کو انصاف فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔

ماہرین میں انسانی حقوق کے 16 خصوصی نمائندے اور آزاد ماہرین کے علاوہ مختلف ورکنگ گروپس کے سربراہان اور شریک سربراہان شامل ہیں۔ منگل کے روز جاری کردہ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ کریک ڈاؤن ایک وسیع تر اور تشویش ناک رجحان کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے کہا، ’’ہم بھارتی حکام کو بارہا پُرامن اجتماعات پر غیر ضروری پابندیوں، ضرورت سے زیادہ طاقت کے استعمال، من مانے حراستی اقدامات، جبری گمشدگیوں اور طلبہ کارکنوں کو نشانہ بنانے سمیت دیگر معاملات پر متنبہ کرتے رہے ہیں۔‘‘

بیان میں کہا گیا کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران لاکھوں طلبہ اور ان کے حامی ملک کے مختلف حصوں میں حکومت کے تعلیمی نظام سے متعلق فیصلوں اور حالیہ دنوں میں ووٹر فہرستوں سے نام خارج کیے جانے کے خلاف پُرامن مظاہرے کرتے رہے ہیں۔ ان اقدامات سے مبینہ طور پر 13 کروڑ افراد متاثر ہوئے ہیں، جن کا تعلق مسلم اقلیت، درج فہرست ذاتوں اور قبائل سے بتایا جاتا ہے۔

ماہرین نے کہا کہ اجتماعات کے پُرامن ہونے کے باوجود قانون نافذ کرنے والے اداروں نے نہتے طلبہ کے خلاف لاٹھی چارج سمیت طاقت کا استعمال کیا، جبکہ ہزاروں افراد کو مظاہروں میں شرکت سے روک دیا گیا۔

ماہرین نے بتایا کہ حال ہی میں نئی دہلی میں 7,000 سے زائد نوجوانوں، صحافیوں، انسانی حقوق کے کارکنوں، وکلا اور سیاسی جماعتوں کے ارکان کو من مانے انداز میں حراست میں لے کر دور دراز حراستی مراکز منتقل کیا گیا، جہاں ان کے موبائل فون ضبط کر لیے گئے اور احتجاج سے متعلق تمام مواد حذف کر دیا گیا۔ بیان کے مطابق احتجاجی رہنماؤں سمیت حراست میں لیے گئے زیادہ تر افراد کو 24 گھنٹے بعد رہا کر دیا گیا۔

ماہرین نے کہا کہ انہیں مظاہرین کے زخمی ہونے اور ان کے ساتھ بدسلوکی کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ انہوں نے مظاہروں اور ان سے متعلق حراستی کارروائیوں کے دوران جنسی تشدد اور صنفی بنیاد پر دیگر اقسام کی بدسلوکی کی اطلاعات پر بھی خصوصی تشویش ظاہر کی۔

انہوں نے بھارتی فوجداری قانون، بھارتیہ ناگرک سرکشا سنہتا کی دفعہ 163 کے مبینہ استعمال پر بھی تشویش کا اظہار کیا، جس کے تحت عوامی اجتماعات پر وسیع پیمانے پر پابندیاں عائد کی گئیں، عوامی نقل و حمل معطل کی گئی اور انٹرنیٹ خدمات بند کر دی گئیں۔

ماہرین نے کہا کہ یہ اقدامات بھارت کی بنیادی بین الاقوامی قانونی ذمہ داریوں کی خلاف ورزی ہیں، جن میں پُرامن اجتماع، آزادیٔ اظہار، آزادی، شخصی تحفظ اور انسانی حقوق کے دفاع کے حق کی ضمانتیں شامل ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ پُرامن اجتماعات پر عائد کی جانے والی ہر پابندی کی قانونی بنیاد ہونی چاہیے، اس کا مقصد جائز ہونا چاہیے اور پابندی ضروری ہونے کے ساتھ متناسب بھی ہونی چاہیے۔

ماہرین نے بھارتی حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر ضرورت سے زیادہ طاقت کا استعمال بند کریں، عوامی اجتماعات پر عائد تمام پابندیاں واپس لیں اور بائیومیٹرک ٹیکنالوجی سمیت ڈیجیٹل نگرانی کے غلط استعمال اور انٹرنیٹ خدمات میں خلل ڈالنے سے گریز کریں۔

انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ان سے وابستہ فورسز کے طرزِ عمل کی آزادانہ، غیر جانب دارانہ اور جامع تحقیقات کرانے کا بھی مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ متاثرین کے لیے مکمل جواب دہی، انصاف اور ازالے کو یقینی بنانے کے لیے تحقیقات بلا تاخیر شروع کی جانی چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو اس بات کی ضمانت دینی چاہیے کہ ایسے واقعات دوبارہ پیش نہیں آئیں گے اور طلبہ سمیت دیگر افراد کے اجتماع اور اپنی شکایات کا اظہار کرنے کے جمہوری حق کا تحفظ کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پُرامن اجتماعات پر پابندیوں کے صنفی بنیادوں پر مرتب ہونے والے اثرات اور مظاہرین کے خلاف انتقامی کارروائیوں پر خصوصی توجہ دی جانی چاہیے۔

بیان میں مارچ کے ایک واقعے کا بھی حوالہ دیا گیا، جب نئی دہلی میں سادہ لباس میں ملبوس پولیس اہلکاروں نے طلبہ اور مزدوروں کے حقوق کے لیے کام کرنے والے 10 کارکنوں کو حراست میں لیا تھا۔ ماہرین نے کہا کہ ان افراد کو 24 گھنٹے سے زیادہ عرصے تک اہلِ خانہ اور دیگر افراد سے رابطے کے بغیر رکھا گیا اور ان کے ساتھ بدسلوکی کی گئی، انہیں دھمکیاں دی گئیں، دباؤ ڈالا گیا اور زبردستی بیانات دلوائے گئے۔ بعد ازاں حبسِ بے جا کے خلاف عدالتی کارروائی کے بعد انہیں رہا کر دیا گیا۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button