بھارت

اتراکھنڈ: مدارس میں جمعہ کی چھٹی ختم، ہفتہ وار تعطیل اتوار کو ہوگی

دہرادون: بھارتی ریاست اتراکھنڈ میں بی جے پی حکومت کی جانب سے مدارس میں جمعہ کی چھٹی ختم کرنے کے فیصلے پر کڑی تنقید کی جا رہی ہے۔

اتراکھنڈ میں نمازِ جمعہ کی وجہ سے اب تک مدارس میں جمعہ کے روز ہفتہ وار تعطیل ہوتی تھی۔ تاہم، بی جے پی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ مدارس میں ہفتہ وار تعطیل جمعہ کے بجائے اتوار کو ہوگی۔ اس فیصلے سے مسلم تعلیمی اداروں کی خودمختاری کے حوالے سے خدشات بڑھ گئے ہیں۔ جمعہ مسلمانوں کے لیے خصوصی مذہبی اہمیت کا حامل اور مقدس دن ہے۔

یہ تبدیلی اتراکھنڈ مدرسہ بورڈ کے خاتمے اور نئے ضابطہ جاتی نظام کے نفاذ کے بعد سامنے آئی ہے۔ نئے نظام کے تحت اقلیتی تعلیمی اداروں کو ریاستی محکمۂ تعلیم اور اتراکھنڈ اقلیتی تعلیمی اتھارٹی کے مقرر کردہ قواعد و ضوابط اور تعلیمی معیار کی پابندی کرنا ہوگی۔ ناقدین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اس اقدام سے اقلیتی تعلیمی اداروں کی خودمختاری متاثر ہوگی۔

اتراکھنڈ کانگریس کی ترجمان ڈاکٹر پرتیما سنگھ نے اس فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے مدرسہ بورڈ کے خاتمے کے بعد حکومت کی ترجیحات پر سوال اٹھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی انتخابات کے قریب مدارس، مساجد اور درگاہوں کے معاملات کیوں اٹھاتی ہے، جبکہ ملک بھر میں تعلیمی نظام زوال پذیر ہے؟

بھارت میں مدارس کی ہفتہ وار تعطیل تبدیل کرنے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ اس سے قبل دسمبر 2016 میں آسام حکومت نے سرکاری اور صوبائی مدارس کو جمعہ کے روز کھلا رکھنے کی ہدایت جاری کی تھی اور اتوار کو ہفتہ وار تعطیل مقرر کی گئی تھی۔

دسمبر 2022 میں اتر پردیش میں بھی جمعہ کے بجائے اتوار کو چھٹی کرنے کی تجویز زیرِ غور آئی تھی۔ تاہم، مدرسہ اساتذہ کی انجمن کے نمائندوں نے نمازِ جمعہ کی اہمیت کا حوالہ دیتے ہوئے اس تجویز کی مخالفت کی تھی۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button